اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک کی ترسیل میں مصروف اس کے ایک ہیلی کاپٹر نے صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں ہنگامی لینڈ نگ کی ہے جس سے اس میں سوار سات افراد معمولی زخمی ہوگئے۔
عالمی ادارہِ خوراک (ڈبلیو ایف پی) کے ترجمان امجد جمال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر ضلع دادو کے سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک گرا رہا تھا کہ توازن بگڑنے کے اُسے ہنگامی لینڈ نگ کرنا پڑی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کل تیرہ افراد سوار تھے اوراس کا عملہ روسی جب کہ باقی تمام افراد مقامی تھے۔
اُنھوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ایک دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
جولائی میں ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے تقریباً دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں لاکھوں افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔ امجدجمال کے مطابق پاکستان میں اس وقت اقوام متحدہ کے تقریباً بارہ ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔