رسائی کے لنکس

لارڈز میں پاکستان کی فتح، انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست


محمد عباس اور محمد عامر کی عمدہ باؤلنگ کے باعث پاکستان نے ہوم آف کرکٹ لارڈز میں انگلینڈ کو9وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک۔ صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے میزبان ٹیم کو کھیل کے تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کیا۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر یہ پاکستان کی پانچویں فتح ہے، اس سے قبل عمران خان ، جاوید میاں داد، وسیم اکرم اور مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس گراؤنڈ پر کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 64رنز کا ہدف دیا جو اُس نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز پر میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بڑا اسکور نہ کرسکی اور پوری ٹیم صرف 184رنز بناسکی۔

السٹر کک 70، بین اسٹوکس 39، جونی بیرسٹو 27 اور بٹلر کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔

محمد عباس اور حسن علی نے چار، چار جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلش ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کے باوجود پاکستانی ٹیم کو بھی اچھا آغاز نہ مل سکا اور 12 رنز پر امام الحق پویلین لوٹ گئے۔

لیکن اس کے بعد اظہر علی، بابراعظم، اسد شفیق اور شاداب خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا اور 363 رنز بناکر انگلش ٹیم کے خلاف 179 رنز کی واضح برتری حاصل کرلی۔

اظہر علی، بابراعظم، اسد شفیق اور شاداب خان نے بالترتیب 50، 68، 59 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم کو ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا، وہ بین اسٹوکس کی گیند کلائی پر لگنے سے زخمی ہوئے اور ایکسرے رپورٹ میں فریکچر کی تصدیق کے بعد سیریز سے باہر ہوگئے۔ عموماً اس نوعیت کی انجریز میں چار سے چھ ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے تین، تین جبکہ ووڈ نے دو اور اسٹیورٹ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میزبان ٹیم نے 179 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو ایک بار پھر پاکستان بولرز نے اُسے مشکل میں ڈال دیا اور صرف ایک رنز پر ان فارم بیٹسمین السٹر کک کو پویلین کی راہ دکھا دی، اس کے بعد ایک ایک کرکے وکٹ گرتی گئی اور صرف 110 رنز پر 6 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔

کپتان جوئے روٹ نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ باقی انگلش کھلاڑی بھی جلد پویلین کی راہ لیں گے اور وہ اننگز کی شکست سے دوچار ہوجائے گی لیکن کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈومنیک بیس اور بٹلر نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں شاندار126رنز بناکر نہ صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو بریک لگا کر رنز کے خسارے کو ختم کیا بلکہ57رنز کی برتری بھی دلوادی۔

کھیل کے چوتھے روز جب انگلینڈ نے 235 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پراپنی نامکمل اننگز شروع کی تو بٹلر صرف ایک رن بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،اسکور میں صرف 6رنز کے اضافے پر باقی تین وکٹیں بھی پاکستانی بولرز کے جھولی میں آگریں۔

کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈومنیک بیس نے مشکل صورتحال میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57رنز کی اننگز کھیلی اور یوں صرف 4 اوورز کھیل کرانگلش ٹیم 242 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

محمد عباس اور محمد عامر نے چار، چار اور شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو جیت کے لئے صرف 64رنز کا ہدف ملا،جو صر ف ایک وکٹ گنواکر پورا کرلیا، حارث سہیل 39 اور امام الحق 18رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین اظہر علی نے 4 رنز بنائے۔

لارڈ کرکٹ گراؤنڈ پر دونوں ٹیمیں اب تک 15مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، 5میچوں میں پاکستان نے کامیابی سمیٹی جبکہ 4 میچ انگلینڈ نے جیتے،6 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 5 جون سے ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG