رسائی کے لنکس

لاہور میں فائرنگ سے سکھ شہری کی ہلاکت


پاکستان کے شہر لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سکھ شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔

سکھ شہری کا نام سردار سنگھ بتایا جا رہا ہے جنہیں ہفتے کی صبح اُس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا جب وہ نواب ٹاؤن کے علاقے میں اپنے محافظ کے ساتھ واک کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح سکھ شہری کی رہائش گاہ کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سکھ شہری اور اُن کے محافظ پر گولیاں برسائیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سر پر گولیاں لگنے سے سردار سنگھ موقع پر ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔

نگراں وزیرِ اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پاکستان میں اقلیتوں کے قتل کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی گزشتہ دو مختلف واقعات میں خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے ایک سکھ تاجر اور ایک ہندو شہری کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

چند روز قبل سندھ کے شہر کراچی میں ہندو کمیونٹی کے معروف ماہر امراضِ چشم کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

ہلاک ہونے والا شخص خالصتان تحریک کا رُکن تھا: بھارتی میڈیا

دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں ہلاک ہونے والا سکھ شہری خالصتان تحریک کا اہم کمانڈر پرم جیت سنگھ تھا۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق مقتول خالصتان تحریک کے عسکری ونگ کا اہم حصہ تھا اور بھارت کو انتہائی مطلوب تھا۔

پاکستانی حکام نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس پر تاحال کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

XS
SM
MD
LG