رسائی کے لنکس

فلسطینی صدر کی عرب لیگ کے وزراء سے ملاقات


فلسطینی صدر محمود عباس
فلسطینی صدر محمود عباس

فلسطین کے صدر محمود عباس جمعہ کو عرب لیگ کے وزرائے خارجہ سے لیبیا میں ملاقات کر رہے ہیں جہاں وہ ممکنہ طور پر اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل رہنے یا اس سے الگ ہونے کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

فلسطینی قیادت نے دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر اسرائیل نے 1967ء کی مشرق وسطی جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر دوبارہ شروع کی تو وہ مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لے گی۔

ایک سینیئر فلسطینی عہدے دار نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ فلسطینی قیادت کو امریکہ کی وہ تجویز قبول ہے جس میں اسرائیل سے بستیوں کی تعمیر پر جزوی پابندی میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے،بشرطیکہ اس تمام عرصے میں متنازع سرحدی حدود پر بات چیت کی جائے۔

نبیل شاتعت کا کہنا تھا کہ اگر ان دو مہینوں کے دوران کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو جزوی پابندی میں مزید توسیع کرنا ہو گی۔

دریں اثنا فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جمعہ کو مغربی کنارے کے شہر ہیبرون میں ایک کارروائی کرکے حماس سے تعلق رکھنے والے دو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق فوجیوں نے ایک گھر کا محاصرہ کرنے کے بعد اس میں موجود عسکریت پسندوں کو باہر نکلنے کا حکم دیا اور اس دوران فائرنگ بھی کی۔

اسرائیلی اور فلسطینی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں سے ایک اگست میں ہیبرون کے قریب کیے گئے اُس حملے میں ملوث تھا جس میں چار یہودی آبادکار ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG