رسائی کے لنکس

فلسطین کے ساتھ امن مذاکرات پر اسرائیلی وزراء کا اجلاس


اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے منگل کو اپنی کابینہ کے اہم وزراء کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں اطلاعات کے مطابق گذشتہ ماہ فلسطینی قیادت کے ساتھ شروع ہونے والے امن مذاکرات کو نقصان سے بچانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

اسرائیلی حکام اُن موضوعات پر تبصرہ کرنے سے گریزاں ہے جس پر مسٹر نیتن یاہو اپنے چھ قریبی وزراء کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت فتح نے اُن سے اسرائیل کے ساتھ اُس وقت تک مذاکرات نا کرنے کو کہا ہے جب تک اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر جزوی پابندی کا دوبارہ اعلان نہیں کر دیتا۔

اسرائیل نے فلسطینی قیادت کے مذاکراتی عمل میں شرکت کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں دس ماہ کے لیے تعمیرات پر جزوی پابندی کا اعلان کیا تھا جو 26 ستمبر کو ختم ہو گئی۔

امریکی صدر براک اوباما کی انتظامیہ نے اسرائیل سے اس اقدام میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام امریکہ کی طرف سے یقین دہانیاں کرائے جانے کی صورت میں اس پابندی میں ساٹھ دن کی توسیع پر غور کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG