اسرائیلی فورسز نے بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر چھاپہ مار کر دو فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے خود پر حملہ ہونے کے بعد فائرنگ کی۔
یہ واقعہ جنین پناہ گزین کیمپ میں علی الصباح پیش آیا اور اس کارروائی میں کسی اسرائیلی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی فورسز مغربی کنارے میں مشکوک عسکریت پسندوں اور ہتھیار بنانے کی چیزوں کی تلاش میں اکثر چھاپے مارتی رہتی ہیں۔
اسرائیل فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے دوران فلسطینی مسلح افراد نے ان پر گولیاں چلا دیں اور دھماکہ خیز مواد پھینکا۔
اس فوری خطرے کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینیوں کو ہلاک کیا جن کی عمریں 21 اور 16 سال تھیں ، جب کہ ایک تیسرا شخص اپنی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
کیمپ میں رہنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ فوجیوں پر راکٹ حملوں کے جواب میں مارا گیا تھا۔
کیمپ کے ایک مکین محمد سعدی نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک فلسطینی کو گولی مارے جانے کا واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ فوجی جیپیں کیمپ میں آئیں اور مارا جانے والا فلسطینی ان کے پیچھے ایک موٹر سائیکل پر آ رہا تھا۔ انہوں نے اسے گولی مار دی اور وہ گر پڑا ۔