رسائی کے لنکس

پاناما انکشافات سے معیشتوں کو نقصان پہنچے گا: ورلڈ بینک ڈائریکٹر


ورلڈ بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی
ورلڈ بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی

سری ملیانی نے کہا کہ ناانصافی کا تاثر عوامی اعتماد اور سرکاری آمدن کو نقصان پہنچاتا ہے اور کچھ ملکوں کی معیشتوں میں سُستی پیدا کرتا ہے جنہیں ترقی کی سخت ضرورت ہے۔

عالمی بینک کی ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے انکشافات عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس سے عام شہری ٹیکس ادا کرنے میں زیادہ ہچکچائیں گے جو سڑکیں اور سکول بنانے اور دیگر سرکاری امور چلانے کے لیے ضروری ہیں۔

ورلڈ بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر سری مُلیانی اندراوتی نے پالیسی سازوں سے کہا ہے کہ وہ سخت قوانین بنانے لیے تعاون کریں۔

پاناما میں قائم ایک لا فرم نے دنیا بھر کے امیر ترین افراد کی طرف سے اپنی دولت چھپانے اور ٹیکسوں سے بچنے کی کوششوں کا انکشاف کیا ہے۔

سری ملیانی نے کہا کہ ناانصافی کا تاثر عوامی اعتماد اور سرکاری آمدن کو نقصان پہنچاتا ہے اور کچھ ملکوں کی معیشتوں میں سُستی پیدا کرتا ہے جنہیں ترقی کی سخت ضرورت ہے۔

’’جب کچھ ملک دیکھتے ہیں کہ چند رہنماؤں کے، اشرافیہ یا اس کیس میں متمول افراد کے بیرون ملک اکاؤنٹ ہیں تو وہ سوال کرتے ہیں کہ کیوں؟ وہ یہ پوچھ رہے ہیں کہ کیا اس کی کوئی جائز وجہ ہے یا کسی چیز کو چھپایا جا رہا ہے؟‘‘

پاناما میں چھپایا گیا پیسا کچھ ملکوں کی معیشتوں کا ایک بڑا حصہ ہے۔

مالیاتی دیانتداری سے متعلق ایک عالمی تنظیم گلوبل فنانشل انٹیگرٹی سے تعلق رکھنے والے ٹام کارڈومون نے کہا کہ ’’ہر سال ترقی پذیر معیشتوں سے ایک کھرب ڈالر سے زائد ناجائز پیسہ غیرقانونی طریقے سے نکال لیا جاتا ہے۔ یہ رقم ان ممالک کو دی جانے والی تمام سالانہ غیر ملکی امداد اور بیرونی سرمایہ کاری سے زیادہ ہے۔‘‘

سری مُلیانی نے کہا کہ حقیقی تبدیلی لانے کے لیے ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرنا ہو گا۔ ’’عالمی تعاون کے بغیر ٹیکس سے بچنے والوں کا احستاب انتہائی مشکل ہو گا۔‘‘

XS
SM
MD
LG