بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا بھارت کے رکنِ پارلیمان اور عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ اداکارہ نے پیر کو اپنے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کیں۔
پرینیتی نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’’طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے، ایک دوسرے کے بغیر رہ نہیں سکتے۔‘‘
اداکارہ کی پوسٹ پر پریانکا چوپڑا، ثانیہ مرزا، نیہا دھوپیا سمیت ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارک باد اور ان کی آںے والی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پرینیتی نے اپنی شادی کے دن ٹی پنک رنگ کے عروسی لباس کا انتخاب کیا جب کہ راگھو چڈھا نے آف وائٹ رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔
بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق اتوار کو اودھے پور میں پرینیتی اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ان کے قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔
شادی کی تقریب اودھے پور کے تاج لیک پیلس میں ہوئی تھی جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔
'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق شادی کی تقریب میں نئی دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان اور دیگر سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
واضح رہے کہ راگھو چڈھا سن 2022 میں بھارت کے سب سے کم عمر رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔
اداکارہ پرینیتی چوپڑانے سن 2014 میں فلم 'لیڈیز ورسز رکی بھیل' کے ذریعے بالی وڈ نگری میں قدم رکھا تھا۔
انہوں نے دعوتِ عشق، شد دیسی رومانس، کِل دل، عشق زادے، ہنسی تو پھنسی اور میری پیاری بندو جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔