شمیم شاہد
پشتون تحفظ موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پشاور میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 8 اپریل کو پشاور رنگ روڑ پر ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔
جلسے میں شرکت کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں، وکلا، ڈاکٹروں اورطالبہ تنظیموں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔
پشتون تحفظ مومنٹ رابطہ کمیٹی کے رکن محسن داوڑ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اُن کے پانچ آئینی اور قانونی مطالبات ہیں جن کے حصول کے لیے 8 اپریل کو پشاور میں رنگ روڑ پرایک بڑے جلسے کے لئے تمام انتظاما ت کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو شرکت کو یقینی بنانے کے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور خواتین کی زیادہ شرکت کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا ئے گی۔
رابطہ کمیٹی کے ایک اور رکن شہاب خٹک نے بتایا کہ جلسے میں پشتونوں کے ساتھ ساتھ دوسرے نسلی گروپوں کے لوگوں کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہو کر حکومت پر زور ڈالیں کہ ہمارے آئینی اور قانونی مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جلسے کا اجازت نامہ جاری کردیا ہے اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور اور پولیس کے عہدے داروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہو چکی ہے جس میں انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فروری میں اسلام آباد دھرنے کے بعد پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے بلوچستان، قبائلی علاقوں اور خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں اپنے مطالبات کے لئے جلسوں کا انعقاد کروا چکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔