رسائی کے لنکس

قازقستان: مسافر طیارہ اڑان کے فوراً بعد گر کر تباہ، 12 افراد ہلاک


سول ایوی ایشن کمیٹی کے مطابق طیارہ دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا کہ اڑان بھرتے ہی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور  قریب واقع عمارت سے ٹکرا گیا۔
سول ایوی ایشن کمیٹی کے مطابق طیارہ دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا کہ اڑان بھرتے ہی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور  قریب واقع عمارت سے ٹکرا گیا۔

وسطی ایشیا کے ملک قازقستان کے شہر الماتی کے قریب مسافر طیارہ اڑان کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں 95 افراد سوار تھے جب کہ حکام نے 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

قازقستان کی سول ایوی ایشن کمیٹی کا حادثے سے متعلق بیان میں کہنا ہے کہ بیک ایئر کا مسافر طیارہ جمعے کی صبح الماتی شہر سے دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا کہ اڑان بھرتے ہی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور قریب واقع عمارت سے ٹکرا گیا۔

قازقستان کی وزارت داخلہ کے مطابق طیارے میں 93 مسافر اور عملے کے پانچ اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ بھی شامل ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حکام نے ابتدائی طور پر 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ بعدازاں حکام نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارے کے حادثے میں 12 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایوی ایشن کمیٹی اور الماتی ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے حادثے کی ممکنہ وجوہات سے متعلق اب تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ البتہ مسافروں کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے تمام 'فوکر 100' طیاروں کی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

قازقستان کی بیک ایئر سفری پروازوں کے لیے 'فوکر 100' جیٹس کا استعمال کرتی ہے۔ اب تک کمپنی کی جانب سے فوکر طیاروں کی پروازوں کی منسوخی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

پروازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق حادثے کے شکار ہونے والے بیک ایئر کے مسافر طیارے 2100 Z9 نے ایک بجکر 21 منٹ (یو ٹی سی) پر پرواز بھری جس کے 19 سیکنڈ کے بعد آخری سگنل موصول ہوا۔

XS
SM
MD
LG