رسائی کے لنکس

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات رواں ہفتے مکمل ہوجائیں گی: طارق فاطمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طارق فاطمی نے ریڈیو پاکستان کو انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں متوقع سارک سربراہ کانفرنس کی تاریخ رکن ممالک سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی اور اس میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت کے پٹھان کوٹ فضائی اڈے پر حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم اس ہفتے اپنی تحقیقات مکمل کر لے گی۔

اُنھوں نے یہ بات سرکاری ریڈیو سے گفتگو میں کہی۔ جنوری میں دہشت گردوں نے بھارتی شہر پٹھان کوٹ میں واقع فضائیہ کے اڈے پر حملہ کیا تھا جس کا الزام بھارت نے پاکستان میں موجود شدت پسند تنظیم جیش محمد پر عائد کیا تھا۔

بھارت کی طرف سے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر پاکستان نے جیش محمد سے وابستہ کئی مشتبہ ارکان کو حراست میں لے لیا تھا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک چھ رکنی جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم بنائی تھی۔

گزشتہ ہفتے پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے گجرانوالہ کے ایک پولیس اسٹیشن میں، پٹھان کوٹ حملے میں ملوث افراد کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی تھی جس کے بعد پنجاب حکومت نے بھی تحقیقات کے لیے ایک جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل بھارت کے وزیر دفاع نے کہا تھا کہ پاکستان حملے کی تحقیقات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔

گزشتہ ہفتے خارجہ امور کے لیے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا تھا کہ پٹھان کوٹ فضائی اڈے کے حملہ آوروں میں سے ایک کے فون نمبر کا بہاولپور میں جیش محمد کے ہیڈ کوارٹر سے رابطے کا سراغ لگایا گیا ہے۔

بھارت نے حملے کا منصوبہ کرنے کا الزام جیش کے سربراہ مسعود اظہر پر عائد کیا ہے جنہیں پنجاب حکومت نے 14 جنوری سے ’’حفاظتی تحویل‘‘ میں لے رکھا ہے۔

دریں اثناء طارق فاطمی نے ریڈیو پاکستان کو انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں متوقع سارک سربراہ کانفرنس کی تاریخ رکن ممالک سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی اور اس میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کا اس سال نومبر میں سارک سربراہ کانفرنس ہونے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG