رسائی کے لنکس

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مقرر


سرفراز احمد (فائل فوٹو)
سرفراز احمد (فائل فوٹو)

28 سالہ سرفراز احمد اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں اور ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انتہائی ناقص کاکردگی پر قومی ٹیم اور کرکٹ بورڈ شدید تنقید کی زد میں تھے اور گزشتہ ہفتے ہی کپتان شاہد آفریدی اور پھر کوچ وقار یونس نے اپنا اپنا منصب چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

منگل کو کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے سرفراز احمد سے بات کی اور انھیں بتایا کہ " وہ کپتانی کے لیے ہماری طرف سے موزوں ترین امیدوار تھے۔"

28 سالہ سرفراز احمد اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں اور ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل ہیں۔

منگل کو اس اعلان کے بعد کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے فخر کی بات ہے اور ان کی اولین کوشش یہی ہوگی کہ ایک اچھی ٹیم تیار کریں۔

"تقریباً ایک سال سے ٹیم کا نائب کپتان ہوں جس میں بہت کچھ دیکھ بھی رہا تھا اور نوٹ بھی کر رہا تھا۔۔۔میری پہلی کوشش ہوگی کہ تمام لڑکوں کو ایک ساتھ لے کر قیادت کروں، کپتان کا لڑکوں کے ساتھ تعلق بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اگر کپتان سے لڑکوں کا تعلق اچھا ہوگا تو آپ کے لیے آسانی ہو جائے گی، آپ ان کو بہتر سمجھ سکو گے اور وہ آپ کو بہتر سمجھ سکیں گے۔"

رواں سال پاکستان کی پہلی سپرلیگ میں انھوں نے 'کوئٹہ گلیڈی ایٹرز' کی قیادت کی تھی اور اس ٹیم نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔ لیکن فائنل میں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حالیہ بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کو بھی تحلیل کیا جا چکا ہے جب کہ ٹیم کے لیے نئے کوچ کی تلاش کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بطور کھلاڑی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG