رسائی کے لنکس

اسپاٹ فکسنگ کیس: شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی، جرمانہ عائد


شاہ زیب حسن اپنے وکلا کے ہمراہ پی سی بی کے دفتر آرہے ہیں (فائل فوٹو)
شاہ زیب حسن اپنے وکلا کے ہمراہ پی سی بی کے دفتر آرہے ہیں (فائل فوٹو)

بدھ کو سامنے آنے والے فیصلے میں شاہ زیب پر بورڈ کو بکی سے رابطے کی اطلاع نہ دینے پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسپاٹ فکسنگ کا الزام درست ثابت ہونے پر کرکٹر شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو میں کرکٹر شاہ زیب حسن پر ضابطے کی خلاف ورزی سے متعلق چار الزامات عائد کیے تھے جن میں سے تین تحقیقات میں درست ثابت ہوئے۔

بدھ کو سامنے آنے والے فیصلے میں شاہ زیب پر بورڈ کو بکی سے رابطے کی اطلاع نہ دینے پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

تاہم پی سی بی کے مطابق شاہ زیب حسن پر ساتھی کرکٹرز کو اسپاٹ فکسنگ پر اکسانے کا الزام ثابت نہیں ہوا۔

فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کی مدت گزرنے کے بعد شاہ زیب کو کھلاڑیوں کی کرکٹ میں واپسی اور بحالی کے عمل سے گزرنا ہو گا اور پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل کو مطمئن کرنا ہو گا۔

اینٹی کرپشن ٹریبونل نے شاہ زیب حسن کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت گزشتہ سال 21 اپریل کو شروع کی تھی جس کا فیصلہ رواں سال 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل ٹو میں اسپاٹ فکسنگ میں نام سامنے آنے کے بعد شاہ زیب حسن کو 17 مارچ 2017ء کو معطل کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں شرجیل خان، خالد لطیف اور ناصر جمشید کو پہلے ہی سزا سنا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG