رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 7 کے ترانے پر ردِ عمل: کس نے کیا کہا؟


پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ترانے میں گلوکار  عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ترانے میں گلوکار  عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے تین روز قبل ایونٹ کا آفیشل سانگ 'ٹک ٹاک' کے اشتراک سے ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس ترانے میں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گزشتہ چند سالوں کی طرح اس سال بھی پی ایس ایل کا ترانہ آتے ہی شائقین کرکٹ کا ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کسی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ٹائٹل سانگ کو بہترین کہا تو کسی نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔

گانے کے ریلیز ہونے کے بعد پہلے ہی گھنٹے میں اسے 50 ہزار سے زائد لوگوں نے پسند کیا اور 10 ہزار کے قریب لوگوں نے اسے یوٹیوب پر دیکھا ۔

گانے کی جہاں موسیقی کو لوگوں نے سراہا، وہیں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ گلوکاروں کی تعریفوں میں زمین آسمان ایک کردیے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب عاطف اسلم نے آفیشل سانگ گایا ہے جب کہ اس سے قبل ایک بار آئمہ بیگ پی ایس ایل ترانے کا حصہ رہ چکی ہیں۔

اگر گزشتہ پی ایس ایل ترانوں کی بات کی جائے تو ابتدائی تین ایڈیشن کے آفیشل ترانے گلوکار علی ظفرنے گائے تھے جس میں 'اب کھیل کے دکھا'، 'اب کھیل جمے گا'، اور 'دل سے جان لگادے 'بے حد مقبول ہوئے۔

چوتھا پی ایس ایل ترانہ 'کھیل دیوانوں کا' فواد خان نے گایا جسے شجاع حیدر نے کمپوز کیا تھا۔ اس ترانے میں ان کا ساتھ ینگ دیسی نے دیا تھا۔ پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا آفیشل ترانہ 'تیار ہیں' لوک گلوکار عارف لوہار، ہارون راشد، علی عظمت اور عاصم اظہر نے گایا تھا جب کہ چھٹا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز کی مشترکہ کاوش تھی۔

پی ایس ایل کے ساتویں آفیشل ترانے پر شائقین کی جانب سے ملا جلا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔ اداکارہ منشا پاشا کہتی ہیں ایسا بھی ممکن ہے کہ اس سال کے ترانے کا گزشتہ ترانوں سے موازنہ کیے بغیر پسند کیا جائے۔

معروف کامیڈین و اداکار شفاعت علی کے بقول آئمہ بیگ نےجس انداز میں بول ادا کئے وہ آگ لگانے کی برابر ہیں۔

ہدایت کار جبران صدیقی کے خیال میں "اگر اس ترانے سے لطف اندوز ہونا ہے تو اسے اچھے ہیڈفون پر سنا جائے، جب یہ اسٹیڈیم میں بجے گا تو سب جھوم اٹھیں گے۔"

اسپورٹس جرنلسٹ عبدالغفارسمجھتے ہیں کہ اس ترانے کا 'لیول ہے۔'جب کہ کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر سکندر بخت کے خیال میں اس ترانے کو 'لاؤڈ' سننے کی ضرورت ہے۔

'پی ایس ایل ترانہ صرف علی ظفر کا'

ہر سال کی طرح اس سال بھی پی ایس ایل ترانے کی جتنی تعریف ہو رہی ہے اس پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کسی نےاسے گزشتہ ترانے سے بھی خراب قرار دیا تو کسی کو علی ظفر کی یاد ستانے لگی۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بالر محمد آصف نے پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے کے بارے میں لکھا کہ اسے سن کر انہیں گزشتہ سیزن کا ترانہ اور بھی بہتر لگنے لگاہے۔

اسپورٹس صحافی نجیب الحسنین کے خیالات بھی محمد آصف سے زیادہ مختلف نہیں تھے۔

سینئیر اسپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق کہتے ہیں اس ترانے میں مزہ نہیں آیا، شاید ایک ماہ تک مسلسل سن کر اچھا لگے۔

معروف صحافی مہوش اعجاز کا بھی یہی کہنا تھا کہ آئمہ بیگ اور عاطف اسلم اچھے گلوکار ہیں لیکن پی ایس ایل ترانہ صرف علی ظفر کا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG