رسائی کے لنکس

اسٹرنگز کا اختتام، کشمیر بیٹس کا ڈیبیو؛ 2021 پاکستان میں موسیقی کے لیے کیسا رہا؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

رواں برس جہاں پاکستانی گلوکاروں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا وہیں کسی کی طویل عرصے بعد دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی ہوئی۔سال 2021 میں موسیقی کے شعبے میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے، جس نے کئی مداحوں کو خوش کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد کو اداس بھی کیا۔

رواں برس مارچ میں 'اسٹرنگز بینڈ' کی لمبی اننگز کا اختتام ہوا جب کہ گلوکار جنید خان نے سات سال بعد میوزک ویڈیو ریلیز کر کے اپنے چاہنے والوں کو خوش کر دیا۔

گلوکار علی ظفر نے بھی مختلف زبانوں میں گانے گا کر مداحوں کو خوب محظوظ کیا جب کہ عاطف اسلم نے متعدد گانے ریلیز کیے۔ دیکھا جائے تو اس سال پاکستان میں موسیقی کا گراف اوپر ہی ہوتا نظر آیا۔

علاوہ ازیں پاکستانی ڈراموں کے او ایس ٹیز اور نئے گلوکاروں کی آمد نے بھی اس سال کو مزید یادگار بنا دیا۔

جانتے ہیں کہ 2021 پاکستان میں موسیقی کے لیے کیسا سال رہا۔

پاپ بینڈ اسٹرنگز کا الوداع؛ ایک عہد تمام ہوا

پاکستان میں 33 برس تک پاپ میوزک کو زندہ رکھنے والے 'اسٹرنگز' نے بالآخر 2021 میں بینڈ ختم کرنے کا اعلان کیا جس نے ان کے چاہنے والوں کو بے حد اداس کیا۔

سن 1988 میں قائم ہونے والے اس بینڈ نے 2020 تک چھ میوزک البم ریلیز کیے جس میں ان کا آخری البم '30' بھی شامل ہے۔

'اسٹرنگز' کا آغاز تو چار ارکان سے ہوا تھا لیکن گزشتہ دو دہائیوں سے فیصل کپاڈیا اور بلال مقصود ہی باقاعدگی سے اس کا حصہ تھے۔

انہوں نے اپنے لاتعداد گیتوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خوب نام کمایا۔

بالی وڈ فلموں 'شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا' اور 'زندہ' میں تو ان کے گانے شامل تھے ہی، پاکستانی فلم 'مور' کا میوزک بھی انہوں نے ہی ترتیب دیا تھا۔

یہی نہیں ہالی وڈ فلم 'اسپائیڈر مین ٹو' کے ہندی ورژن کے لیے بھی 'اسٹرنگز' کا ہی گانا 'نہ جانے کیوں' منتخب کیا گیا تھا۔

'اسٹرنگز' کا آخری گانا 'پیار کا روگ' دسمبر 2020 میں 'ویلو ساؤنڈ اسٹیشن' کے پہلے سیزن میں ریلیز ہوا تھا اور اس پروگرام کی کامیابی کے پیچھے بلال مقصود ہی تھے جو اس کے پروڈیوسر ہیں۔

البتہ آئندہ برس آنے والے 'کوک اسٹوڈیو' کے سیزن میں فیصل کپاڈیا بطور سولو سنگر پرفارم کریں گے۔

'کشمیر بیٹس' اور 'بسکونی میوزک' کا ڈیبیو

سال 2021 میں 'کوک اسٹوڈیو' کا سیزن تو نہیں ہوا لیکن دو اور نئے شوز 'کشمیر بیٹس' اور 'بسکونی میوزک' نے اس کی کمی پوری کرنے کی کوشش کی۔

رواں برس شروع ہونے والے پروگرام 'کشمیر بیٹس' اس وجہ سے مقبول ہوا کیوں کہ اس میں نامور اداکاروں اور اداکاراؤں نے گلوکاری کی تھی جس میں احسن خان، عمران عباس، زارا نور عباس، ژالے سرحدی، فریال محمود اور دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب 'بسکونی میوزک' نے بھی ملک بھر سے بہترین موسیقاروں اور گلوکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکھڑا کیا جس میں زیادہ تر وہ موسیقار و گلوکار تھے جو ماضی میں 'کوک اسٹوڈیو' میں پرفارم کر چکے تھے۔

ان میں شجاع حیدر، احمد جہانزیب، ہارون شاہد اور نتاشا بیگ سمیت دیگر نے گلوکاری کی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کا ترانہ ایک بار پھر تنقید کا شکار

گزشتہ دو سالوں کی طرح رواں برس بھی پاکستان سپر لیگ کے گانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

کسی نے آئمہ بیگ کی گلوکاری پر تنقید کی تو کسی کو نصیبو لعل کے انتخاب پر اعتراض تھا۔ ریپپ بینڈ ینگ اسٹنرز کو بڑے اسٹیج پر موقع دینا بھی کئی لوگوں کو ناگوار گزرا۔

مداحوں نے پی ایس ایل کے پہلے تین سیزن کے ترانے گانے والے گلوکار علی ظفر کو یاد کیا۔

اس ترانے کے موسیقار زلفی کا مؤقف تھا کہ جوں جوں پاکستان سپر لیگ آگے بڑھے گا ویسے ویسے یہ گانا بھی لوگوں کی زبان پر چڑھ جائے گا۔ البتہ حقیقت میں ایسا ہی ہوا اور پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر یہی گانا اس کی پہچان بنا۔

علی ظفر کے چینی، پشتو اور پنجابی گانوں کے ذریعے انٹری

دو برس بعد گلوکار علی ظفر کی بھی میوزک انڈسٹری میں زبردست انداز میں واپسی ہوئی۔ گزشتہ برس 'میلہ لوٹ لیا' گانا ریلیز کرنے کے بعد اس سال بھی علی ظفر نے متعدد گانے ریلیز کیے۔

علی ظفر کا پشتو گلوکارہ گل پانڑہ اور پشتو ریپر شاکر عالم خان کے ساتھ گایا ہوا لوک گیت 'لاڑ شہ پیخور' بے حد مقبول ہوا۔

ان کا گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ پنجابی گانا 'وے ماہیا' اور چینی زبان میں گایا ہوا پاک چین دوستی گیت 'یو ہیو اسٹولن مائی ہارٹ' کو بھی سننے والوں نے کافی پسند کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے 'ہم مزدور' اور یومِ پاک فضائیہ کے 'پہاڑوں کی قسم' بھی گایا جب کہ پیغمبرِ اسلام کی مدحت میں پڑھی جانے والی نعت 'بلغ العلیٰ بکمالہ' بھی خوب سنی گئی۔

جنید خان کا گھریلو تشدد کے خلاف گانا 'تقدیر'

جنید خان کا شمار ان گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے موسیقی کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ سات برس قبل ان کی آخری میوزک ویڈیو ریلیز ہوئی تھی بعدازاں انہوں نے رواں برس گھریلو تشدد کے خلاف گانا 'تقدیر' ریلیز کیا جسے خوب پسند کیا گیا۔

عمران اشرف اور سعدیہ خان؛ 'سوچ بینڈ' کی میوزک ویڈیو

سوچ بینڈ کے نئے گانے 'تیرا دیوانہ' کی میوزک ویڈیو میں نامور اداکار عمران اشرف اور سعدیہ خان جلوہ گر ہوئے۔

بینڈ کے پچھلے گانوں کی طرح یہ گانا بھی خوب مقبول ہوا کیوں کہ ناظرین 'رقصِ بسمل' کے عمران اشرف اور 'خدا اور محبت' کی سعدیہ خان کو ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔

یاد رہے کہ یہ گانہ اداکار عمران اشرف کی پہلی میوزک ویڈیو تھی۔

موسیقار اذان سمیع خان کا بطور گلوکار ڈیبیو

معروف موسیقار اور گلوکار عدنان سمیع خان اور اداکارہ زیبا بختیار کے صاحب زادے اذان سمیع خان کے لیے سال 2021 بہترین رہا کیوں کہ انہوں نے نہ صرف بطور اداکار ٹی وی انڈسٹری میں قدم رکھا بلکہ گلوکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی کی۔

سال 2021 سے قبل خود کو صرف کمپوزیشن تک محدود رکھنے والے اذان سمیع خان نے ایک ہی سال میں تین میوزک ویڈیوز ریلیز کیں۔

سال کے آغاز میں ان کی پہلی ویڈیو 'میں تیرا' ریلیز ہوئی جس کے بعد ماہرہ خان کے ساتھ ان کی دوسری ویڈیو 'تو' منظر عام پر آئی جب کہ سال کے اختتام پر ان کا گانا 'ایک لمحہ' ریلیز ہوا۔

عاطف اسلم کے کئی گانے ریلیز

پاکستان کے معروف گلوگار عاطف اسلم نے فروری میں 'رات' نامی میوزک ویڈیو ریلیز کی جس میں سائرہ یوسف، منشا پاشا، اور کرن ملک جلوہ گر ہوئیں۔

مسرت نذیر کا گایا ہوا گانا 'چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر' بھی عاطف اسلم نے گایا اور اس میوزک ویڈیو نے تین دن میں ایک کروڑ 40 لاکھ ویوز حاصل کیے۔

علاوہ ازیں عاطف اسلم کی اداکارہ سجل علی کے ساتھ ایک اور میوزک ویڈیو 'رفتہ رفتہ' کو مداحوں نے خوب پسند کیا۔ لیکن ان کا 'کوک اسٹوڈیو' کا گانا 'کرکٹ کھڈائے' ان کے چاہنے والوں کو زیادہ نہ بھایا۔

رواں برس عذیر جسوال اور نوجوان عاشر وجاہت بھی مصروف نظر آئے

رواں برس نوجوان گلوکاروں کے لیے بھی ایک اچھا سال ثابت ہوا۔ گلوکار عذیر جسوال نے پانچ برس بعد اپنا میوزک البم 'لو اسٹرک' ریلیز کیا جس میں اردو رومانوی نمبرز کے ساتھ ساتھ پنجابی زبان میں بھی گانے موجود ہیں۔

انہوں نے اپنا ایک گانا سال 2020 کے نام کیا کیوں کہ یہی وہ سال ہے جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو بدلا۔

دوسری جانب نوجوان گلوکار عاشر وجاہت بھی 2020 کی طرح اس سال بھی مصروف نظر آئے۔

عاشر وجاہت نے متعدد گانے بمع میوزک ویڈیو پیش کیے جن میں 'کیوں'، 'سازِ دل' اور 'ناچ' شامل ہیں۔

ڈراموں کے او ایس ٹیز بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے

پاکستانی ڈراموں کو جہاں دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے وہیں ان کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) کو بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔

رواں برس بھی کئی ڈراموں کے او ایس ٹی مشہور ہوئے جن میں سب سے زیادہ مقبولیت جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے 'خدا اور محبت' تھری کے او ایس ٹی کو حاصل ہوئی۔

اس گانے کی موسیقی نوید ناشاد نے ترتیب دی تھی جب کہ اسے استاد راحت فتح علی خان اور نش اشعر نے گایا ہے۔ یو ٹیوب پر اس گانے کو اب تک 16 کروڑ سے زائد صارفین کی جانب سے سنا جا چکا ہے۔

علاوہ ازیں 'رقصِ بسمل'، 'چپکے چپکے'، 'پری زاد'، 'ہم کہاں کے سچے تھے'، 'پہلی سی محبت'، 'دل ناامید تو نہیں' اور 'لاپتا' کے او ایس ٹیز بھی کافی مقبول ہوئے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG