رسائی کے لنکس

پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حزب اختلاف میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحاد نے 19 جنوری کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان 19 جنوری کو ملک کی حکمران جماعت پاکستان تحریک کے خلاف بیرونی فنڈز کے سلسلے میں دائر درخواستوں کی سماعت کرنے والا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاکنڈ کے مرکزی قصبے بتخیلہ میں سوموار کی شام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بقول ان کے سیلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کا نہ صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان تک پیچھا کیا جائے گا بلکہ 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ملاکنڈ بتخیلہ میں ہونے والے اس ریلی میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ اس ریلی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے خطاب نہیں کیا، تاہم شرکا میں پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن نمایاں طور پر دکھائی دیے۔

دوسری جانب حکمران جماعت کا الزام ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد اس لیے مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ان کے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کر دیے جائیں۔ عمران خان متعدد موقعوں پر کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی بھی کرپٹ شخص کو معاف نہیں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG