رسائی کے لنکس

پُر امن سیاسی تبدیلی کا وقت آگیا: خواجہ آصف


پُر امن سیاسی تبدیلی کا وقت آگیا: خواجہ آصف
پُر امن سیاسی تبدیلی کا وقت آگیا: خواجہ آصف

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رُکن قومی اسمبلی، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پُر امن سیاسی تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

منگل کے روز وائس آف امریکہ کے ‘اِن دِی نیوز’ پروگرام میں انٹرویو میں اُنھوں نے کہا کہ ‘اسٹیٹس کو’ جاری نہیں رہ سکتا، کیونکہ اُن کےبقول، إِس کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔اُن کے الفاظ میں، اگر یہ ‘اسٹیٹس کو’ رہے گا، تو ہو سکتا ہے کہ یہ اسٹیٹ نہ رہے۔

اُن سے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی چارسدہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو سے متعلق خبر پر رائے معلوم کی گئی تھی، جس میں وزیر اعظم نے سیاسی تبدیلی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی، کیونکہ اُس کے لیے عوام نے اُنھیں اختیار دیا ہے۔

اِس سوال کے جواب میں کہ کیا اُن کی جماعت کسی تحریک عدم ِاعتماد کی تیاری کر رہی ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ ‘ یہ ایک آپشن ہے جو کہ آئینی بھی ہے، قانونی بھی ہے اور اِس کی روایات بھی ہیں’۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ وہ کیا سمجھتے ہیں کہ اُن کی پارٹی کب تک یہ تحریک لانے کے قابل ہوگی، اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس 90ووٹ ہیں۔ ‘لیکن، اِس تحریک کے لیے ہم جِس مخمصے میں پھنسے ہوئے ہیں وہ یہ کہ اُس کے لانے کے لیے ہمیں اُن فورسز کے ساتھ اتحاد کرنا پڑتا ہے جونو سال سے مشرف کے ساتھ تھیں، اور یہ جو کرائے کے سیاستداں ہیں اُن کے ساتھ اتحاد کرنا اتنا ہی زیادہ ناگوار ہے جتنی موجودہ حکومت کا اِس وقت طاقت میں رہنا ہمارے لیے ناگوار ہے۔’

ساتھ ہی، اُنھوں نے اِس توقع کا اظہار کیاکہ اُن کی پارٹی اِس ‘مخمصے’ سے بہت جلد باہر نکل آئے گی ۔ اُن کے بقول،‘ آنے والے دِنوں میں اِس کا کوئی نہ کوئی آئینی حل، انشاء اللہ، ہم تلاش کرلیں گے۔’

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے منگل کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی مقررہ معیاد سے قبل تبدیلی کی باتیں کرنے والے عوامی رائے کا احترام کریں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے موجودہ حکمرانوں کو پانچ برس کے لیے منتخب کیا ہے اور حکومت اپنی معیاد پوری کرے گی۔

XS
SM
MD
LG