رسائی کے لنکس

نائب صدر پینس رواں ہفتے یورپ کا دورہ کریں گے


نائب صدر مائیک پینس (درمیان میں)
نائب صدر مائیک پینس (درمیان میں)

امریکہ کے نائب صدر پینس اختتام ہفتہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ برسلز کا دورہ بھی کریں گے۔

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس رواں ہفتے یورپ کا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران وہ امریکی اتحادیوں سے ملاقات کریں گے جو وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے اعلیٰ عہدیدار کے استعفیٰ کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی حکمت عملی اور روس کے بارے میں اس کے موقف کے بارے میں جاننا چاہیں گے۔

امریکہ کے نائب صدر پینس اختتام ہفتہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ برسلز کا دورہ بھی کریں گے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب نینشل سکیورٹی کے مشیر مائیکل فلن کے پیر کو مستعفی ہونے کے بعد انتظامیہ کو ایک بحران کی سی صورت حال کا سامنا ہے۔

روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے حامی فلن یہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد اپنے منصب سے الگ ہو گئے تھے کہ انہوں نے روسی سفیر کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں ماسکو کے خلاف عائد امریکی تعزیرات سے متعلق بات کی۔

فلن کے مستعفی ہونے سے پہلے ٹرمپ نے ماسکو سے اچھے تعلقات کے بارے میں بات کی تھی اور ان کی طرف سے روسی صدر ولادیمر پوٹن کی تعریف کرنا امریکی قانون سازوں اور نیٹو اتحادیوں کے لیے تشویش کا باعث بنا۔

ٹرمپ نے نیٹو کو ایک "فرسودہ" نظام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے رکن ممالک دفاع کے (اخرجات کے لیے) مناسب حصہ ادا نہیں کر رہے ہیں۔

بعض یورپی اتحادیوں کے لیے فلن کا چلے جانا اطمینان کا باعث بنا ہے۔ یورپ کے بعض عہدیداروں کے مطابق فلن ٹرمپ انتظامیہ کے ان افراد میں نمایاں تھے جو روس کے ساتھ قریبی تعلقات اور ایران کے ساتھ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے سخت مخالف ہیں۔

پینس اس دورے کے دوران ٹرمپ کی پالیسوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں گے لیکن وہ نیٹو کے مئی میں ہونے والی سربراہ کانفرنس سے پہلے وائٹ ہاؤس کے خیالات سے بھی اتحادیوں کو آگاہ کریں گے۔ اس کانفرنس میں صدر ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔

روس کے لیے امریکہ کے ایک سابق سفیر اور نیٹو کے سابق سیکرٹری جنرل الیگزینڈر ورشبو نے کہا کہ "میرے خیال میں (امریکی) انتظامیہ کے نقطہ ںظر سے یہ اپنی خارجہ پالیسی اور یورپی پالیسی سے متعلق ایک بہت بڑے اعلان کرنے کا موقع ہے۔''

ٹرمپ کے نیٹو سے متعلق بیانات یورپی اتحادیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنے۔

فلن کے جانے کے بعد یورپی عہدیداروں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پینس، وزیر دفاع جم میٹس اور وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ٹرمپ کی خارجہ پالیسی میں کردار اہم ہے۔

ٹلرسن رواں ہفتے یورپ میں ہیں جہاں وہ جی 20 کے ملکوں کے راہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG