پرتھ ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہوگئی۔ انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 132 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے اب بھی 127 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 549 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ مچل مارش اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر 181 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
اسمتھ بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 239 رنز پر پویلین کی راہ لی۔ مچل اسٹارک ایک، کومنز 41 اور لایون 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ٹیم کا اسکور 662 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر پہنچا تو کپتان اسمتھ نے اننگز ڈکلیئر کرنے اعلان کر دیا، اس طرح آسٹریلیا کو 259 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
انگلینڈ کی طرف سے جیمس اینڈرس نے 4، اوورٹن نے دو جبکہ ووکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 259 کے خسارے سے شروع کی لیکن صرف چار رنز پر اسے پہلا نقصان اسٹون مین کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
السٹر کک بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان جو روٹ بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 14 رنز ہی بناسکے۔ جیمس ونس نے کسی حد تک مزاحمت پیش کی اور 55 رنز بنائے۔
چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو مہمان ٹیم نے 4 وکٹیں گنوا کر 132 رنز بنالئے تھے۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے اسے مزید 127 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل اسٹار اور لایون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔