رسائی کے لنکس

ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا 4 وکٹوں پر 549 رنز


ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کا تیسرا دن آسٹریلوی بیٹسمینوں کے نام رہا۔ انگلش بولرز پورے دن میں صرف ایک ہی وکٹ حاصل کر سکے۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کے 403 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 549 رنز بناکر 146 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ کپتان اسٹیواسمتھ ڈبل سنچری بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیانےہفتے کو 203 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی، شان مارش 28 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

یہ انگلش بولرز کو ملنے والی آج کی پہلی اور آخری کامیابی تھی ۔ اس کے بعد اسمتھ اور مچل مارش نے مہمان ٹیم کے بولرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا۔

ہرممکن کوشش کے باوجود وہ اس جوڑی کو نہ توڑ سکے ، یہاں تک کے نئی بال بھی کام نہ آئی اور پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں دونوں بیٹسمینوں نے 301 رنز بنا ڈالے۔

اسمتھ نے شاندار 229 رنز بنائے اور اس کے ساتھ ہی کیلنڈر ایئر میں مسلسل چوتھی مرتبہ 1000 یا اُس سے زائد بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

میتھیوہیڈن 2001 سے 2005 تک مسلسل پانچ مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

مچل مارش نے بھی181رنز بناکر اسمتھ کا بھرپور ساتھ دیا اور کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔

تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 549 رنز بنالئے تھے، اسمتھ 229 اور مچل مارش 181رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ؒپانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو۔ صفر کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں اور دوسرے ٹیسٹ میں 120 رنز سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG