پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے ”اوگرا“نے پیٹرول سمیت تیل کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے یہ قیمتیں فوری طور پر نافذالعمل ہو گئی ہیں۔
جمعہ کی رات ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی مقرر کردہ قیمتوں کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6روپے 71پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قمیت کی 72.96 سے بڑھ کر 79.67 روپے ہوگئی ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 4 روپے 25پیسے اضافے کے بعد 78روپے33 پیسے سے بڑھ کر 82.58 ہو گئی ہے جب کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے4 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی فی لیٹر قیمت 74 روپے 99 پیسے ہو گئی ہے۔
ملک کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور ہفتے میں دو روزکے لیے سی این جی کی سپلائی بند رکھنے کے علاوہ بجلی کی طویل لوڈشیڈ نگ بھی جاری ہے۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گا۔