رسائی کے لنکس

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ


تیل کی نئی قیمتوں کا تعین 15 اگست کو کیا جانا تھا لیکن وفاقی حکومت نے عید الفطر کے باعث مجوزہ اضافے کے فیصلے کو موخر کر رکھا تھا۔

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔

تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے سرکاری ادارے ’اوگرا‘ سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق تین روپے 21 پیسے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قمیت 96 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

بار برداری اور بیشتر مسافر گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن ’ہائی اسپیڈ ڈیزل‘ کے فی لیٹر نرخ میں چار روپے 40 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اب یہ 106 روپے 19 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

مٹی کے تیل کی قمیت میں تین روپے 52 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قمیت میں تین روپے 19 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں ہر 15 روز بعد ردوبدل کیا جاتا ہے اور یکم اگست کو بھی تیل کی قمیتوں میں 8.9 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔

اوگرا نے تیل کی نئی قیمتوں کا تعین 15 اگست کو کرنا تھا لیکن وفاقی حکومت نے عید الفطر کے باعث مجوزہ اضافے کے فیصلے کو موخر کر رکھا تھا جو اب 23 اگست سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG