رسائی کے لنکس

فلپائن: 622 ہلاکتوں کے بعد ڈینگی قومی سطح کی وبا قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فلپائن میں رواں سال ڈینگی سے 622 افراد کی ہلاکتوں کے بعد وزارتِ صحت نے ڈینگی کو قومی سطح کی وبا قرار دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق فلپائن میں رواں سال جنوری سے جولائی تک ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو گزشتہ سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 98 فی صد زیادہ ہیں۔

فلپائن میں رواں سال ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 622 ہو گئی ہے۔

فلپائن کے سکرٹری صحت فرانسسکو کے مطابق انہوں نے ڈینگی کو قومی سطح کی وبا اس لیے قرار دیا ہے تاکہ ملک کے بلدیاتی ادارے سنگین صورت حال کو سمجھتے ہوئے ڈینگی کو فوری روکنے کے اقدامات کریں۔

فلپائن کی وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ مچھروں کی افزائش کے علاقوں کی شناخت اور ان کے خاتمے کے لیے مہم کا آغاز کر رہے ہیں جس میں بلدیاتی حکومت کے نمائندگان، اسکول، دفاتر اور دیگر ادارے بھی ان کا ساتھ دیں گے۔

واضح رہے کہ فلپائن کے علاوہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی ماضی قریب میں ڈینگی کے کیسز بڑی تعداد میں رپورٹ ہوتے رہے ہیں جن میں رواں سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اقوام متحدہ کے صحت عامہ سے متعلق ادارے ’ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن‘ (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ملائشیا میں رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں 62 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ اور 93 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ سال اس عرصے میں صرف 32 ہزار ڈینگی کے کیسز سامنے آئے تھے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ویت نام میں 81 ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سال 2018 کے ابتدائی چھ ماہ میں یہ تعداد 26 ہزار تھی۔

جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش بھی اس وقت ڈینگی کی بد ترین وبا کا سامنا کر رہا ہے۔ بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ میں 16 ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں جو سال 2018 میں سامنے آنے والے کیسز کی کل تعداد سے کہیں زیادہ ہیں۔

بنگلہ دیش میں رواں سال ڈینگی سے 23 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ڈینگی ایک پھیلنے والی جان لیوا بیماری ہے جو مچھر کے کاٹنے سے ہوتی ہے۔ یہ وبا دنیا کے کئی ممالک میں پھیلی ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG