ترکی کے خبررساں اداروں کے مطابق بم کی دھمکی کے بعد پاکستان کی قومی ایرلائن کا طیارہ استنبول کے ایرپورٹ پر اتارلیا گیا۔ پی آئی اے کی یہ پرواز برطانیہ سے پاکستان جاررہی تھی۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی یہ پرواز 378 مسافروں کومانچسٹر سے پاکستان لے جارہی تھی، جب بدھ کے روز اسے استنبول کے اتاترک ایرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کے بم اسکواڈ نے طیارے کی تلاشی لےکر اسے کلیر کردیا۔
اطلاعات کے مطابق بوئنگ 777 طیارے میں بم کی اطلاع ایک ای میل کے ذریعے پی آئی اے کو اس وقت دی گئی جب یہ طیارہ بلغاریہ کے دارلحکومت صوفیہ پر پرواز کررہا تھا۔
ایک اور پی آئی اے کی فلائٹ جو176 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے کوالالمپور، ملائیشیا جارہی تھی، اسے بھی ایمرجنسی ڈیکلیر کرکے کوالالمپور میں اتار لیا گیا۔ اس فلائٹ کو بھی باقائدہ تلاشی کے بعد کلیر کردیا گیا۔