پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نائب وزیراعظم کا عہدہ تخلیق پاگیا ہے اورمسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی ملک کے پہلے نائب وزیراعظم مقرر کردیئے گئے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی طرف سے پیر کی رات جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی آئندہ انتخابات تک فوری طور پر ڈپٹی وزیر اعظم ہوں گے ۔ علاوہ ازیں ان کے پاس وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار و صنعت کا عہدہ بھی موجود ہو گا ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم کے پاس کسی بھی طرح وزیراعظم کے اختیارات نہیں ہوں گے ۔ یعنی اگر وزیر اعظم بیرون ملک دورے پر ہوں تو بھی نائب وزیر اعظم کے پاس وزیراعظم کے اختیارات نہیں ہوں گے ۔ چوہدری پرویز الٰہی پاکستان کی تاریخ کے پہلے نائب وزیر اعظم ہیں ، اور یہ اعزاز انہیں ہمیشہ حاصل رہے گا۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے چھ مشیروں کے بھی نوٹیفیکیشن جاری کردیئے گئے ہیں جن میں حامد یار ہراج ، حسین لغاری ، سید قاسم شاہ ، نصیر خان مینگل ، شیراز نذیر ، چوہدری امتیاز احمد رانجھا شامل ہیں ۔
اس سے قبل پیر کی شام ایوان صدر میں مسلم لیگ کے آٹھ وفاقی وزرا ء اور سات وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا ۔ حلف برداری میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے جبکہ حلف بھی صدر زداری نے ہی لیا ۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1