رسائی کے لنکس

پولیس پر حملوں کے خلاف اہلکاروں کا لکی مروت میں دھرنا، انڈس ہائی وے دوسرے روز بھی بند


PAKISTAN-POLICE-PROTEST
PAKISTAN-POLICE-PROTEST
  • پولیس اہلکاروں کے دھرنے کی وجہ سے انڈس ہائی وے بند ہے جب کہ شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
  • مظاہرین کے ساتھ پولیس افسران کے مذاکرات کا پہلا دور ناکام ہو گیا ہے۔
  • دھرنے کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور اختیارات دیے جائیں۔
  • اگر مکمل اختیار دے دیا جائے تو تین ماہ میں دہشت گردی کر خاتمہ کر دیں گے، اہلکاروں کا دعویٰ
  • اہلکاروں کے دھرنے میں شرکت کے سبب لکی مروت اور اطراف کے علاقوں میں متعدد سیکیورٹی چیک پوسٹس خالی ہیں، مقامی میڈیا
  • بنوں امن پاسون کمیٹی نے منگل کو دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

ویب ڈیسک _ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ دھرنے کی وجہ سے انڈس ہائے وے بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پولیس پر مسلسل حملوں کے خلاف اہلکار ڈیوٹی چھوڑ کر دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ پولیس فورس کو با اختیار بناتے ہوئے اہلکاروں کو جدید اسلحہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ دہشت گردوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔

اہلکاروں کے دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے بند ہونے سے مسافروں کی بڑی تعداد نے رات شاہراہ پر ہی گزاری۔ احتجاجی مظاہرین بدستور سڑک بلاک کر کے دھرنے میں موجود ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکاروں کے دھرنے میں شرکت کے سبب لکی مروت اور اطراف کے علاقوں میں متعدد سیکیورٹی چیک پوسٹس خالی ہیں۔

دھرنے سے خطاب میں پولیس اہلکاروں کا دعویٰ تھا کہ اگر انہیں مکمل اختیار دیا جائے تو تین ماہ میں دہشت گردی ختم کر دیں گے۔

دھرنے کے شرکا مسلسل ’ہمیں امن چاہیے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق پولیس اہلکاروں کا دھرنا ختم کرنے کے لیے لکی مروت کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) تیمور حسن خان، بنوں کے آر پی او عمران شاہد، بنوں کے ڈی پی او ضیاء الدین احمد اور لکی مروت کے ڈپٹی کمشنر فہد وزیر نے دھرنے کے شرکا کے ساتھ مذاکرات کیے۔ تاہم مذاکرات کا پہلا دور ناکام رہا ہے۔

احتجاج کرنے والے اہلکاروں نے پولیس افسران کو آگاہ کیا ہے کی ان کے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

دھرنے سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور افسران پولیس جوانوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔

پولیس اہلکاروں کے دھرنے کے مطالبات کی منظوری اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر لکی مروت کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے منگل ضلعی عدالتوں کی کارروائی کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر آصف اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اور دیگر متعلقہ حکام جلد از جلد پولیس کے جوانوں کے مطالبات منظور کریں۔

دوسری جانب بنوں امن پاسون کمیٹی نے بھی منگل کو دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG