رسائی کے لنکس

پشاور: تھانے پر حملے میں چار اہلکار ہلاک


پشاور: تھانے پر حملے میں چار اہلکار ہلاک
پشاور: تھانے پر حملے میں چار اہلکار ہلاک

دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے لیس تین خودکش حملہ آوروں نے اندرون شہر تھانہ سی ڈویژن کوتوالی پر حملہ کیا

صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں جمعہ کی صبح ایک پولیس تھانے پر خودکش بمباروں کے حملے میں چار اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں تھانے کے سربراہ ایس ایچ او منور خان بھی شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے اہلکار قریبی سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے لیس تین خودکش حملہ آوروں نے اندرون شہر تھانہ سی ڈویژن کوتوالی کے مرکزی گیٹ پر تعینات اہلکاروں پر حملہ کرنے کے بعد عمارت میں داخل ہو گئے۔

حملہ آور تھانے میں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے لیکن وہاں تعینات اہلکاروں نے ان کے خلاف جوابی کارروائی شروع کر دی جب کہ اضافی نفری بھی علاقے میں پہنچا دی گئی۔

قریبی گھروں اور ایک اسکول کی چھت پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جنہوں نے تھانے میں موجود دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

حکام اور عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا اور جب حملہ آوروں کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا تو انھوں نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا جو جانی نقصان کا سبب بنا۔

ایک روز قبل پشاور میں کوہاٹ روڈ پر واقع بس اڈے میں ہونے والے کار بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکوڈ کے مطابق ایک گاڑی میں 45 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جس میں ریمورٹ کنڑول سے دھماکا کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG