رسائی کے لنکس

کراچی: تین بچیوں اور خاتون کا لرزہ خیز قتل، پولیس کا زخمی شوہر پر شبہہ


پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں منگل کو ایک گھر سے تین بچیوں اور اُن کی والدہ کی لاشیں ملی ہیں جب کہ خاتون کے شوہر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

قتل کی یہ واردات ملیر کے علاقے میں واقع شمسی سوسائٹی میں پیش آئی، جہاں پولیس کے مطابق فواد نامی ملزم نے اپنی اہلیہ اور تین بیٹیوں کو چھری کے وار کر کے ہلاک کر دیا جس کے بعد خود اپنی جان لینے کی کوشش کی۔

ملزم فواد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے آلہ قتل برآمد کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق قتل کیے جانے والوں میں ملزم فواد کی اہلیہ ہما اور تین بیٹیاں نیہا، فاطمہ اور سمرا شامل ہیں۔

سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کورنگی ساجد امیر سدوزئی کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فواد کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا معمول تھا۔ منگل کو فواد کی اہلیہ کی آواز گھر کی نچلی منزل میں موجود بھابھی نے سنی، جس کے بعد لوگ گھر کی کنڈی توڑ کر اندر داخل ہوئے۔

پولیس نے قتل کیے گئے افراد کو نشہ آور چیز دیے جانے کا شبہہ ظاہر کیا ہے۔

ملزم فواد کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ فیکٹری میں سیلز مینیجر تھا اور آج صبح کام پر گیا تھا اور وہاں سے واپسی پر اس نے یہ کارروائی کی۔

XS
SM
MD
LG