پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات پر امریکی کانگریس کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی برائے عالمی صحت نے خصوصی ایوارڈ جاری کیا ہے۔
یہ ایوارڈ گزشتہ دنوں کمیٹی کے رکن کانگریس مین مائیکل دونا وین نےنیویارک میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں روٹری کلب انٹرنیشنل کے سربراہ اور پاکستان کے معروف تاجر، عزیز میمن کو دیا۔ اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
کانگریس مین ڈوناوین کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈ کے اجراء کے لئے انھوں نے کانگریس سے سفارش کی تھی، چونکہ پاکستان میں طالبان کےخطرے کے باوجود عزیز میمن اور ان کے روٹری کلب کی ٹیم پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر عزیز میمن نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ امریکی کانگریس کی جانب سے دیا گیا یہ ایوارڈ دراصل پاکستان میں پولیو کارکنان کی خدمات کا اعتراف ہے جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر بھی ملک کو پولیو سے پاک کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عزیز میمن کا کہنا تھا کہ روٹری کلب کے پلیٹ فارم سے ان پولیو ورکرز کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انھیں روزانہ اجرت کی بنیاد پر ملازم رکھا جاتا تھا۔ لیکن، اب انھیں ماہانہ تنخواہ کی بنیاد پر ملازم رکھا جا رہا ہے، جبکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے خصوصی انتظامات بھی کئے ہیں۔ جبکہ جاں بحق ہونے والے پولیو ورکرز کے خاندان کے لئے خصوصی فنڈ بھی قائم کردئے گئے ہیں۔
گزشتہ دنوں، مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس نے بھی عزیز میمن سے ملاقات کرکے پولیو مہم میں معاونت کی پشکش کی تھی، جبکہ امریکہ میں معروف پاکستانی تاجر شاہد خان نے پولیو کے خاتمے کے لئے روٹری کلب انٹرنیشنل کو پانچ کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔