عمران خان کے خلاف مقدمہ درج
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ سیون اے
ٹی اے کے تحت اتوار کو مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کے خلاف درج ایف آئی آر میں جس دفعہ کو شامل کیا گیا ہے وہ ناقابلِ ضمانت ہے۔عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیشِ نظر تحریکِ انصاف کے کارکنان بنی گالہ میں جمع ہونا شروع ہو گئے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر براہِ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز عمران خان کی ریکارڈ کی ہوئی تقریر تو نشر کرسکتے ہیں البتہ اس کے لیے بھی ضروری ہے کہ ایڈییٹوریل کنٹرول کے ساتھ تقاریر کا جائزہ لیا جائے۔
دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ہفتے کی شام عمران خان کی تقریر کے بعد رات گئے پیمرا کی طرف سے یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ جس پر فوری عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔
وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے اس نوٹیفکیشن کے جاری ہونے سے کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ خاتون مجسٹریٹ، پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کو دھمکی دی گئی۔