انتخابات کرانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ 'اسٹیٹس کو' برقرار رکھا جا سکتا ہے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات کے انعقاد تک اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ اسٹیٹس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کے سیاسی مستقبل اور جمہوریت کی بحالی کا ایک عملی فارمولہ پیش کر دیا ہے۔ ملک کی اقتصادی حالت مزید تباہی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت کو ہی کرنی چاہیے۔ لہذٰا نئے انتخابات تک موجودہ آرمی چیف کو عہدے پر برقرار رکھنے کے لیے وہ گنجائش نکالنے کو تیار ہیں۔
مسافر ٹرینوں کی بحالی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں: وزیرِ ریلوے
وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہہ ریلوے ٹریک پر اب بھی کئی مقامات پر سیلاب کا پانی موجود ہے اس لیے مسافر ٹرینوں کی بحالی میں مزید چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ٹریک ایم ایل ون کراچی سے روہڑی تک مختلف مقامات پر پانی موجود ہے اور ایم ایل ٹو کی بھی یہی صورتِ حال ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کا مجموعی طور پر نقصان اربوں میں ہے تاہم اصل نقصان کا اندازہ سیلاب کا پانی اترنے کے بعد ہی لگایا جا سکتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر ریلوے ٹریک کو بحال کریں گے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے پر گراؤنڈ پر کام کیا جائے جس کے لیے سب سے پہلے روہڑی سے کوٹری اور پھر کوٹری سے کراچی تک کام ہو گا۔
عمران خان کا وزیرِ اعظم سے سوال، خواجہ سعد رفیق کا جواب
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے ایک ٹویٹ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کئی سوالات کیے ہیں جس کا جواب وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دیا ہے۔
عمران خان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پوچھا تھا کہ کیا تحریک انصاف کے خوف کی وجہ سے میڈیا پر ہماری زباں بندی، اہلِ صحافت پر تشدد اوران کے خلاف مقدمات کا اندراج، ٹی وی اور یوٹیوب پر ان کے بلیک آؤٹ جیسی کوشش کے ذمے دار آپ ہیں؟
عمران خان کے مذکورہ سوالات کا جواب دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ " آپ جمہور کے خلاف سازش کے سب سے بڑے مہرے اور اقتدار کے لیے شیطان سے بھی اتحاد کرنے والے ہیں۔ ہر واردات جوآپ کرچکے یا کر رہے ہوتے ہیں اپنے مخالف پر منڈھ دیتے ہیں۔ آپ کا دور نالائقی، کرپشن، اقربا پروری سے بھرپور رہا۔ آپ نے تاریخی قرضے لیے، بد زبانوں اور بے لگاموں کی متشدد نئی نسل تیار کی۔ آپ نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے یہ سوالات بھی کیے کہ "ووٹ چوری سے اقتدار میں آکرمیڈیا کی زبان کھنچوانے والا، سیاسی مخالفین کوجھوٹے مقدمات میں پھانسنے، جیلوں میں ٹھونسنے کے لیے ہر قسم کی غیر قانونی کارروائیاں کرنے والا، ملک کو دیوالیہ کرنے کے لیے آئی ایم ایف ڈیل اور فلڈ ریلیف مہم کو سبوتاژ کرنے والا آئین شکن یہ سوال پوچھنے کا حق کیسے رکھتا ہے۔"
مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ قانون کی توہین ہے: عمران خان
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ قائم کر کے قانون کی توہین کی ہے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے قانون اور ملک کا مذاق اڑا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حراست کے دوران تشدد کا معاملہ پیچھے رہ گیا ہے اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان کے خلاف قائم دہشت گردی کے مقدمے کی ساری دنیا میں بات ہوئی ہے جو پاکستان کی توہین ہے۔
واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل کو دورانِ حراست مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کے بعد ان کے ریمانڈ میں توسیع کے معاملے پر عمران خان نے خاتون جج زیبا چوہدری کو مبینہ دھمکیاں دی تھیں۔ بعدازاں ان کی دھمکیوں کے بعد ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔