ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری سندھ کے گورنر مقرر
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صدر عارف علوی نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت دی۔
محمد کامران خان ٹیسوری کا تعلق حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ہے۔
تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کے خاتمے پر پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کے استعفی کے بعد گورنر کی کرسی خالی تھی جب کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
اینٹی کرپشن کیس میں حاضر نہ ہونے پر رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری
محکمہ اینٹی کرپشن نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اُن کے خلاف یہ وارنٹ اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری کیے گئے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کےوارنٹ گرفتاری سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے جاری کیے۔ مجسٹریٹ نے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہونے۔
کسی ملک، گروہ یا طاقت کو پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے قوم کی مکمل حمایت اور اعتماد کے ساتھ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ کسی طاقت، گروہ یا ملک کو پاکستان کو معاشی یا سیاسی طور پر غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اُن کاکہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے جس طرح دہشت گردی کے عفریت کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، دنیا کی کوئی فوج اس نوعیت کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔
جنرل قمر باجوہ نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی سازش بننے والے عناصر پر نظر رکھیں اور ان عناصر سے سختی سے نمٹیں۔فیک نیوز اور پروپیگنڈے سے دُور رہیں۔
عمران خان نے اپنی مبینہ آڈیو کو فیک قرار دے دیا، مریم نواز پر سازش کا الزام
تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعے کو منظرِ عام پر آنے والی اپنی مبینہ آڈیو کو فیک قرار دیتے ہوئے اسے مریم نواز کی سازش قرار دیا ہے۔
میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد اُن کے سامنے بے بس ہو کر اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی کال تو اُن کے منصوبے کا ایک حصہ ہے، لیکن وہ جو کچھ سوچ رہے ہیں، اس کا حکومت کو اندازہ بھی نہیں ہے۔
عمران خان نے ایک بار پھر نئے انتخابات فوری کرانے کا مطالبہ کر دیا۔