رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کی نااہلی کا تفصیلی فیصلہ جاری

12:06 11.10.2022

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف اور عالمی بینک سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن روانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار امریکہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ عالمی مالیاتی ادارے [آئی ایم ایف] اور ورلڈ بینک کی ٹیموں سے مذاکرات کریں گے۔

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ حکومت عالمی اداروں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی مکمل پاسداری کرے گا اور وقت پر قرض ادا کرے گا۔

دورۂ امریکہ کے دوران اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ٹیموں کے ساتھ مذاکرات میں قرض کی ادائیگیوں کے معاملات پر بات چیت ہو گی۔

11:51 11.10.2022

ملالہ یوسف زئی کی پاکستان آمد، سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اقوام متحدہ میں تعلیم سے متعلق ایک کانفرنس میں تقریر کررہی ہیں۔ 19ستمبر 2022
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اقوام متحدہ میں تعلیم سے متعلق ایک کانفرنس میں تقریر کررہی ہیں۔ 19ستمبر 2022

ملالہ یوسف زئی اپنے والدین کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئی ہیں جہاں وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔

ملالہ قطر ائیرلائن کی پرواز 604 کے ذریعے منگل کی صبح کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں سے انہیں سخت سیکیورٹی میں رہائش گاہ پہنچایا گیا۔

نوبیل انعام یافتہ ملالہ منگل کو کراچی میں ہی قیام کریں گی جس کے بعد وہ سندھ حکومت کے حکام کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ دادو کا دورہ کریں گے۔

سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی 2015 میں طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں جس کے بعد انہیں علاج کے لیے برطانیہ روانہ کیا گیا۔ ملالہ ان دنوں برطانیہ میں ہی مقیم ہیں. وہ دوسری مرتبہ پاکستان آئی ہیں۔

15:56 10.10.2022

آڈیوز لیک ہونا قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے: عمران خان

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آڈیوز لیک ہونا قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے کیوں کہ اس سے وزیرِ اعظم کے سرکاری دفتر اور سرکاری گھر کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات نے جنم لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب وہ وزیرِ اعظم تھے تو ان کی سرکاری رہائش گاہ کی محفوظ ترین فون لائن کی بھی جاسوسی کی گئی۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ پی ٹی آئی اس حوالے سے عدالت جانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ لیک ہونے والی ان آڈیوز کی صادقت کی تصدیق ہو سکے۔

عمران خان نے اس معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے قیام کا بھی امکان ظاہر کیا جس کی تحقیقات سے واضح ہوسکے کہ کس خفیہ ادارے نے یہ آڈیوز ریکارڈ کی ہیں اور اب کون ہے جو ان آڈیوز کو ایڈیٹنگ کے بعد جاری کر رہا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی نازک معاملہ ہے کیوں کہ انتہائی حساس سیکیورٹی معاملات کو غیر قانونی طور پر ریکارڈ کیا گیا اور بعد ازاں یہ آلات ہیک ہو گئے۔

عمران خان کے مطابق اس سے پاکستان کی قومی سلامتی کے معاملات کو دنیا بھر کے سامنے عیاں کیا گیا۔

13:21 10.10.2022

اینٹی کرپشن کورٹ کا رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، فائل فوٹو

راولپنڈی کی اینٹی کرپشن کورٹ نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ملزم کے جو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، انہی پر عمل درآمد کرواتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کلر کہار میں مبینہ اراضی فراڈ میں رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدم پیشی پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

پیر کو سماعت کے دوران تفتیشی ٹیم نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی گئی مگر وہ چھپ رہے ہیں اس لیے انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔

فاضل جج نے تفتیشی ٹیم کی درخواست پر کہا کہ ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ابھی دو روز ہی ہوئے ہیں تو اشتہاری کیسے قرار دے دیں۔

عدالت نے حکام سے کہا کہ وہ اسلام آباد جا کر ان کی گرفتاری کی دوبارہ کوشش کریں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG