ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مبینہ ممنوع فنڈنگ پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایف آئی اے کے اسلام آباد کے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے عمران خان سمیت تحریکِ انصاف کے پانچ رہنماؤں، نجی بینک کے مینیجر اور تحریکِ انصاف کی مالی امور کو مقدمے میں شامل کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مقدمے میں تحریکِ انصاف کے جن دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے ان میں سینیٹر سیف اللہ نیازی، سردار طارق، سید یونس، عامر کیانی، طارق شفیع سمیت دیگر شامل ہیں۔
مقدمے کے مطابق ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا بحیثیت جماعت ایک نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا۔ یہ اکاؤنٹ ’نیا پاکستان‘ اسکیم کے تحت کھولا گیا تھا جب کہ غیر قانونی طور پر یہ اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کے سبب بینک کے مینیجر کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے 12 میجر جنرلز کی بطور لیفٹننٹ جنرلز ترقی
پاکستانی فوج کے 12 میجر جنرلز کو لیفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ہے۔ جن افسران کو ترقی دی گئی ہے، ان میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتحار، میجر جنرل انعام حیدر ملک، میجر جنرل فیاض حسین شاہ، میجر جنرل نعمان زکریا، میجر جنرل محمد ظفر اقبال، میجر جنرل ایمن بلال صفدر شامل ہیں۔
افواجِ پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل احسن گلزار، میجر جنرل سید عامر رضا، میجر جنرل شاہد امتیاز، میجر جنرل محمد منیر افسر، میجر جنرل یوسف جمال، میجر جنرل کاشف نذیر کو بھی لیٖفٹننٹ جنرل بنا دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی استدعا مسترد، الیکشن کمیشن کا 16 اکتوبر کو ہی ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزارتِ داخلہ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی کرانے کا اعلان کیا ہے جب کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہوں گے۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے ملک کی سیکیورٹی صورتِ حال اور سیلاب کے پیشِ نظر انتخابات 90 روز تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے اجلاس کے دوران چاروں صوبوں کے پولیس حکام اور چیف سیکریٹریز سے مشاورت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔تاہم این اے 45 کرم میں ضمنی الیکشن 23 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جن حلقوں میں 16 اکتوبر کو پولنگ شیڈول ہے، ان میں این 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد،این اے 157 ملتان، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 246 سے تحریکِ انصاف کے رُکن قومی اسمبلی شکور شاد کی درخواست پر اس نشست کو خالی قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا تھا۔
یہ نشتیں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے تحریکِ انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کیے جانے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے خالی قرار دی تھیں۔ ان میں نو جنرل نشستیں اور دو مخصوص نشستیں شامل ہیں۔
تحریکِ انصاف نے آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس جمع کرا دیا
پاکستان تحریکِ انصاف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کر ادیا ہے۔
ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں توشہ خانہ سے تین مہنگی گاڑیاں لیں اور قوانین سے انحراف کیا۔ ریفرنس میں سابق صدر کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ریفرنس تحریکِ انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور افتحار درانی کی جانب سے دائر کیا گیا۔
ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر بطور صدر توشہ خانہ سے تحائف لینے کے اہل نہیں تھے۔