’ضمنی انتخابات حقیقی آزادی کے لیے ریفرنڈم ہیں‘
سابق وزیرِ اعظم اور تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا ضمنی انتخابات سے متعلق کہنا ہے کہ تمام حلقوں میں جہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں ہر فرد نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔
عمران خان کا سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ یہ انتخابات مجرموں کے ٹولے سے حقیقی آزادی کے لیے ریفرنڈم ہیں۔
’عمران خان حقیقی آزاد پاکستان کا استعارہ ہیں‘
تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات پر کہنا ہے کہ اگر آپ کا تعلق ایسے حلقے سے ہے کہ جہاں انتخابات ہو رہے ہیں تو آپ کو آج یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلام نہیں ہیں۔
ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کے آٹھ حلقوں میں پولنگ کا آغاز
قومی اسمبلی کے آٹھ اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 157 ملتان اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔
دوسری طرف پنجاب کے تین صوبائی حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جار ہے ہیں۔ جن میں پی پی 139 شیخو پورہ، پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاول نگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشستیں تحریکِ انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفی منظور ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے حلقہ این اے 246 میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی درخواست پر ضمنی انتخاب کرانے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے
لاہور ہائی کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سےوفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف ہاؤسنگ سوسائٹی سے پلاٹ کے حصول میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس میں جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے الزام عائد کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے چکوال میں ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی دلوانے کے عوض دو پلاٹ رشوت کے طور پر حاصل کیے۔
مسلم لیگ (ن) کے وکلا نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پنجاب کو رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔