’ضمنی انتخابات میں کسی جگہ قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی‘
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران اب تک دو مقامات پر معمولی واقعات ہوئے ہیں جب کہ کسی جگہ پر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ ٹرن آؤٹ 20 سے 25 فی صد ہے۔
عمران خان کے لانگ مارچ سے متعلق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 25 مئی کی پالیسی کو 10 سے ضرب دے کر نافذ کریں گے۔
فیصل آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جتھا کلچر کو ہر قیمت پر روکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر فیڈرل ایجنسی سمیت سب کو عمل کرنا چاہیے۔
ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم، کراچی میں کم ٹرن آؤٹ
پاکستان میں قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
کراچی سے وائس آف امریکہ کے نمائندے راجہ محمد ثاقب کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں چھٹی کے باوجود نہایت کم ٹرن آؤٹ رہا۔
قومی اسمبلی کے سات حلقوں میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی اُمیدوار ہیں۔ ماہرین فیصل آباد، مردان، ننکانہ صاحب اور کراچی کی ایک نشست پر عمران خان کو ٹف ٹائم ملنے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتِ حال مجموعی طور پر پرامن رہی۔ تاہم کچھ مقامات پر ہنگامہ آرائی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
تحریکِ انصاف کا کراچی میں دھاندلی کا الزام
تحریکِ انصاف کے رہنما علی حیدر زیدی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سندھ اسمبلی کے رکن سلیم بلوچ اور پیپلز پارٹی کے ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر سلمان مراد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 میں مسلح محافظوں کے کے ساتھ گھوم پھر رہے ہیں۔
علی زیدی کا سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ پولیس کے دستے پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہو رہے ہیں اور کھلی دھاندلی کر رہے ہیں۔
حکام کا کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ
خیبر پختونخوا کے صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی نے ضمنی انتخابات کے موقع پر کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر آئی جی پولیس اور سی سی پی او پشاور اور دیگر افسران بھی صوبائی الیکشن کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔
محمد فرید آفریدی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ضمنی انتخابات کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کی طرف سے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کی صورت حال کی کڑی نگرانی کے عمل کو سراہا بھی گیا۔