پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تو ایک سابق وزیرِ اعظم کو بھی اتنے حقوق حاصل نہیں ہیں کہ وہ ایف آئی آر درج کرا سکے۔
جمعرات کو لانگ مارچ کے دوبارہ آغاز پر لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک سابق وزیرِ اعظم صرف اس بنا پر ایف آئی آر درج نہیں کرا سکا کیوں کہ اس میں میجر جنرل فیصل کا نام آ گیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کنٹینر کے فرانزک سے ثابت ہو گیا کہ حملہ آور دو تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سابق وزیرِ اعظم کے بقول اُن پر حملے کا منصوبہ دو ماہ قبل بنایا گیا تھا جس کا پردہ اُنہوں نے ستمبر میں رحیم یار خان میں جلسے کے دوران چاک کر دیا تھا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کے الوداعی دورے
رواں ماہ کے آخر میں مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرمنٹ کا عندیہ دینے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الودعی دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔
افواجِ پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے جمعرات کو مختلف فارمیشنز کے دورے کیے جب کہ وہ منگلا اور سیالکوٹ کینٹ بھی گئے۔
آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں ان دوروں کو جنرل باجوہ کے الوداعی دورے قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ جنرل باجوہ حال ہی میں ایک تقریب کے دوران بطور آرمی چیف رواں ماہ کے آخر میں سبک دوش ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں۔اس سے قبل اپریل میں بھی پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتحار نے کہا تھا کہ آرمی چیف اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر سبک دوش ہو جائیں گے۔
سینیٹر مستعفی نواز کھوکھر کا استعفیٰ منظور
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے لیے استعفیٰ باقاعدہ طور پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کرا دیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جماعت کی جانب سے مثبت ردِ عمل اور حمایت کے شکر گزار ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی اور جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کر رہے۔
بعد ازاں سینیٹ سیکرٹریٹ نے مصطفٰی نواز کھوکھر کا استعفیٰ منظور ہونے اور سینیٹ میں ان کی نشست خالی قرار دینے کا مراسلہ جاری کیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے دو دن قبل اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر بطور سینیٹر مستعفی ہو رہے ہیں۔ منگل کو انہوں نے کہا تھا کہ اُنہیں بتایا گیا کہ پارٹی قیادت اُن کے کچھ بیانات سے خوش نہیں ہے لہذٰا وہ سینیٹ کی رُکنیت سے مستعفی ہو جائیں۔
خیال رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر نے حال ہی میں تحریکِ انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو کے معاملے پر سخت ردِعمل دیا تھا۔
مصطفی نواز کھوکھر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ ویڈیو پارلیمان کے منہ پر طمانچہ ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فوج کے ایک بریگیڈیئر نے اُنہیں فون کر کے مذکورہ ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔
اُن کے بقول اُنہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ پارلیمان اور اپنے کولیگ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان دونوں بیٹے ان سے ملنے کے لیے بیرونِ ملک سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے ان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کی تصدیق کی ہے۔
تحریکِ انصاف کے مطابق عمران خان کے صاحب زادے قاسم اور سلیمان لاہور پہنچ گئے ہیں۔
بیان کے مطابق وہ دونوں عمران خان کی تیمار داری کے لیے لاہور میں زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز
تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ ایک ہفتے کے وقفے کے بعد ایک بار پھر وزیرآباد سے جمعرات کو دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق پنجاب سے لانگ مارچ کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ وزیرآباد سے ہی شروع ہوگا جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان قافلوں کا راولپنڈی میں استقبال کریں گے۔