رسائی کے لنکس

پارلیمنٹ جانے پر جسٹس فائز عیسٰی کی وضاحت

منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام ججز کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

19:43 11.4.2023

پارلیمنٹ جانے پر جسٹس فائز عیسیٰ کی وضاحت

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریب پر پارلیمنٹ میں جانے کے معاملے پر وضاحت کر دی ہے۔

منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام ججز کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کی حامی بھرنے سے پہلے اور بعد میں اُنہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے یقین دہانی لی تھی کہ وہاں کوئی سیاسی بات نہیں ہو گی۔

جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ جس جگہ اُنہیں بٹھایا گیا، اس کا انتخاب بھی اُنہوں نے نہیں کیا تھا۔

جسٹس عیسیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کیوں کہ تقریب کے دوران سیاسی معاملات پر بھی بات ہوئی اس پر اُنہوں نے بھی پارلیمنٹ بھی بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

جسٹس فائز عیسیٰ بولے کہ پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران اُنہوں نے وضاحت کی تھی کہ اس فورم پر ہونے والی سیاسی تقاریر سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

14:45 11.4.2023

پاکستانی کشمیر کے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس نااہل قرار

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کو توہینِ عدالت کیس میں نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

منگل کو پاکستانی کشمیر کی ہائی کورٹ کے فل کورٹ نے وہاں کے وزیرِ اعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنا دی جس کے بعد وہ وزیرِ اعظم کا عہدہ اور اسمبلی کی رُکنیت بھی کھو بیٹھے ہیں۔

ہائی کورٹ کے فل بینچ نے عدالتوں سے متعلق سردار تنویر الیاس کے مبینہ طور پر توہین آمیز بیانات پر اُنہیں منگل کو عدالت میں طلب کیا تھا۔

سردار تنویر الیاس نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پاکستانی کشمیر کی عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں کی عدالتیں اہم معاملات میں اسٹے آرڈر دے دیتی ہیں جس کی وجہ سے حکومتی نظم و نسق چلانا مشکل ہو رہا ہے۔

سردار تنویر الیاس اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے اُنہیں سماعت برخاست ہونے تک نااہل قرار دے دیا۔

سردار تنویر الیاس نے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگی لیکن عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے اپنے مختصر حکم نامے میں پاکستانی کشمیر کے وزیرِ اعظم کو نااہل قرار دے دیا۔

پاکستانی کشمیر کی سپریم کورٹ نے بھی اسی کیس میں سردار تنویر الیاس کو منگل کو ڈھائی بجے طلب کیا تھا، لیکن اس سے قبل ہی ہائی کورٹ نے فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ نئے قائد ایوان کا انتخاب کرائیں۔

خیال رہے کہ سردار تنویر الیاس کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے ہے۔ وہ گزشتہ برس اپریل میں وزیرِ اعظم بنے تھے۔

سردار تنویر الیاس اپنی ہی پارٹی کے وزیرِ اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔

13:57 11.4.2023

سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات بل چیلنج

پاکستان کی اعلیٰ عدالت میں 'سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023' چیلنج کردیا گیا ہے۔

ایڈووکیٹ میاں محمد حسین کی جانب سے عدالت میں دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس ایکٹ کو غیرقانونی و غیر آئینی قرار دیا جائے۔ درخواست کے مطابق سپریم کورٹ کے رولز بنانے کا اختیار صرف سپریم کورٹ کو ہی ہے۔ لہٰذا اس سلسلے میں قانون سازی بدنیتی پر مبنی ہے۔

میاں محمد حسین کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 70 کے تحت ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود نہیں کیے جاسکتے۔

13:52 11.4.2023

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ جلد سماعت مقرر کرنے کا جواز کیا ہے؟ اس سے پیسہ ضائع ہوتا ہے۔

ان کے بقول الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29 اپریل کی تاریخ لی۔ دو دن بعد کمیشن کو خیال آیا کہ تاریخ جلد مقرر کرانی ہے۔

خواجہ حارث کے بقول کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اثر و رسوخ کے بغیر ہونا ہے۔ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ عمران خان پر فردِ جرم عائد کی جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG