بشریٰ بی بی نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا
بشریٰ بی بی نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں خان ہاؤس بنی گالہ سے واپس اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور خان ہاؤس کو سب جیل قرار دینے کا 31 جنوری کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی سول عدالت نے گزشتہ ہفتے عدت میں نکاح کے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال قید اور پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے بعد بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری پیش کر دی تھی۔ بعدازاں انہیں بنی گالہ میں واقع عمران خان کی رہائش گاہ منتقل کر کے اسے سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔
جلاؤ گھیراؤ کیس: پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید پر فردِ جرم عائد
- By ضیاء الرحمن
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو جلاؤ گھراؤ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
ملزمان کے خلاف لاہور کے تھانہ سرور روڈ اور شاد مان پولیس نے مقدمات درج کرائے تھے۔ منگل کو عدالت میں سماعت کے دوران فاضل جج نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔
عدالت نے ملزمان کا جیل ٹرائل بھی کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔
گزشتہ برس نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج اور مظاہرے کیے تھے۔ کئی شہروں میں ہجوم نے فوجی تنصیبات سمیت کئی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ بعدازاں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت کارکنوں پر جلاؤ گھیراؤ اور قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج ہوئے تھے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ایسے موقع پر فردِ جرم عائد ہوئی ہے جب وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے انتخاب بھی لڑ رہی ہیں۔ ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ہے۔
ڈی آئی خان تھانے پر حملے کا مقدمہ درج
- By شمیم شاہد
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں پولیس تھانے پر گزشتہ روز ہونے والے حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او خالد جاوید کی مدعیت میں درج مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق 30 دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے تھانے پر حملہ کیا اور اس موقع پر لگ بھگ دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
دہشت گردوں کے حملے میں دس اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔
70 فی صد نوجوان ووٹ دینے کے خواہش مند؛ ’یوتھ ووٹر باہر نکلا تو سیاسی معجزہ ہوگا‘
وائس آف امریکہ اردو کے حالیہ سروے کے مطابق پاکستان کے 70 فی صد نوجوانوں نے آٹھ فروری کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اگر نوجوان اتنی بڑی تعداد میں ووٹ دینے نکلتے ہیں تو انتخابی سیاست میں کئی بڑی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔
وی او اے نے یہ سائنٹیفک سروے ملٹی نیشنل کمپنی ’اپسوس‘ کے ذریعے کرایا تھا جس میں 18 سے 34 برس کے افراد کی رائے لی گئی تھی۔
اس سروے میں شامل ایسے نوجوان جو 2018 کے الیکشن میں ووٹ دینے کے اہل تھے ان میں سے 64 فی صد نے ووٹ کاسٹ کیا تھا۔ جب کہ آئندہ الیکشن میں 70 فی صد نوجوانوں نے ووٹ ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک میں 18 سے 35 سال کے ووٹرز کی تعداد پانچ کروڑ 68 لاکھ سے زائد ہے اور مجموعی ووٹرز میں ان کی شرح 44 فی صد سے زائد بنتی ہے۔
مبصرین کے نزدیک اگر نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے تو اس سے ووٹ ڈالنے کی مجموعی شرح میں بھی اضافہ ہو گا۔
تاہم بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات کی وجہ سے ووٹرز میں انتخابی عمل سے متعلق لاتعلقی بڑھ رہی ہے جو ووٹنگ ٹرن آؤٹ پر بھی اثر انداز ہو گی۔