کامیاب ہونے والے بعض آزاد امیدوار رابطے میں ہیں: اسحاق ڈار
'اچھی بات ہوتی کہ ہمیں مکمل مینڈیٹ ملتا'
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 فی صد نتائج آنے پر ہی رائے قائم کر دی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہوتی کہ ہمیں مکمل مینڈیٹ ملتا، تاہم قوم کی اُمیدوں پر پورا اُترنا چاہتے ہیں۔ جو لڑائی کے موڈ میں ہیں، ہم ان سے لڑنا نہیں چاہتے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں نوجوانوں کی مشکلات کا احساس ہے، سب کی ذمے داری ہے کہ وہ مل کر آگے بڑھیں۔
'شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بات کریں'
ماڈل ٹاؤن میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ آصف زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر قائدین سے بات کریں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں، میڈیا، افواجِ پاکستان سمیت دیگر سب مل کر مثبت کردار ادا کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا اور ہمسایوں سے تعلقات بہتر کرنے کا ایجنڈا ہے۔
نواز شریف کے بقول ہمیں صرف مرکز میں ہی اکثریت نہیں ملی بلکہ پنجاب میں بھی ہم اکثریتی پارٹی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم مرکز میں بھی خدمت کریں گے اور پنجاب میں بھی آپ سب کی خدمت کریں گے۔
تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں: نواز شریف
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے انتخابات میں نشستیں حاصل کرنے والی سیاسی جماعتوں اور جیتنے والے اُمیدواروں کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔
ماڈل ٹاؤن میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر اُبھری ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کو بھنور سے نکالنے کی تدبیر کریں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکلات سے نکالا ہے، سب کو دعوت دیتے ہیں کہ اس زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمارے ساتھ بیٹھیں۔