رسائی کے لنکس

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا

جمعرات کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی کو سنگین الزامات کا سامنا تھا، اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو اُنہیں برطرف کر دیا جاتا۔

17:27 7.3.2024

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے عدالتِ عالیہ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسمبلی میں سیٹوں کے تناسب سے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔ سنی اتحاد کونسل نے الیکشن لڑا یا نہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے ایڈووکیٹ اشتیاق اے خان کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نہ تو ٹربیونل ہے اور نہ ہی عدالت۔ الیکشن کمیشن کا عمل آئین میں ترمیم کے مترادف ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ اپنے اختیارات سے تجاوز ہے، عدالت الیکشن ایکٹ کا سیکشن 104، رول 94 خلاف آئین قرار دے۔

17:00 7.3.2024

چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان کی لاہور میں اعتزاز احسن سے ملاقات

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) گوہر علی خان نے لاہور میں اعتزاز احسن سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں موجود ہ ملکی سیاسی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے عدالتوں میں کیسز کے حوالے سے بھی قانونی مشاورت کی گئی۔

مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کے بجائے دوسرے جماعتوں کو دینے کے حوالے سے آئینی نکات پر بھی مشاورت کی گئی ۔

15:03 7.3.2024

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تین ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

صدرِ پاکستان عارف علوی نے جسٹس نعیم اختر افغان کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعینات کر دیا۔ جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی بطور قائمقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

صدرِ مملکت نے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دے دی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔

13:21 7.3.2024

مخصوص نشستوں سے متعلق حکمِ امتناع میں توسیع

پشاور ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے قومی اسمبلی می مخصوص نشستوں پر ایک روز قبل دیے گئے حکمِ امتناع میں13 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔

پانچ ججز پر مشتمل بینچ نے یہ فیصلہ اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کی بنیاد پر سنایا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی تو اس موقع پر درخواست گزار وکلا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر فریق وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کو آج تک حلف نہ لینے کا حکم دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اٹارنی جنرل سے رابطہ کیا مگر وہ آج سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالت سے مزید مہلت دینے کی استدعا کی اور کہا کہ کیس کی تیاری کے لیے بھی وقت چاہیے۔

درخواست گزار کے وکیل قاضی انور نے کہا کہ نئے ایڈووکیٹ جنرل کی تعیناتی آج ہوگی جس کے بعد وہ کیس میں پیش ہوں گے۔

عدالت نے فریقین کے مؤقف کو سننے کے بعد سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پانچ مارچ کو سنی اتحاد کونسل کے حصے کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کرنے کا حکم دیا تھا۔کمیشن کے اس فیصلے کو سنی اتحاد کونسل نےپشار ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG