رسائی کے لنکس

'سیاسی کھلاڑیوں میں سخت سودے بازی ہو گی۔ ہر کوئی زیادہ حصہ لینا چاہے گا'

استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین نے 'ایکس' پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ عوام کی مرضی کا احترام کرتے ہیں۔ اس لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رہا ہوں۔

11:40 12.2.2024

لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں کی کامیابی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت

مسلم لیگ ن کے کئی رہنماؤں کی انتخابی کامیابی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، خواجہ آصف اور عطا تارڑ سمیت دیگر کی کامیابی کے خلاف درخواستں پر جسٹس علی باقر نجفی سماعت کر رہے ہیں۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس باقر نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار پہلے ریٹرننگ افسر کے پاس درخواست دائر کرنے کے پابند نہیں؟ پہلے درخواست دائر کرنے کا فورم الیکشن کمیشن کا ہے۔ ہم کمیشن کو امیدواروں کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ براہِ راست درخواستیں دائر کرنے کا فورم نہیں ہے۔

تحریکِ انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ ریٹرننگ افسر کے پاس درخواست لے کر گئے تھے لیکن الیکشن کمیشن کی بد نیتی ظاہر ہے اور اب سننے کو مل رہا ہے کہ کمیشن نے فارم 48 بھی جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ریحانہ ڈار مسلم لیگ ن کے کامیاب قرار دیے گئے امیدوار خواجہ آصف کے مدِ مقابل الیکشن لڑ رہی تھیں۔

12:02 12.2.2024

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 129 چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر ان کے مدِ مقابل تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کو زیادہ ووٹ ملے ہیں اس لیے وہ خیرات میں دی گئی نشست قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے انتخابی نتائج کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام نتائج کالعدم قرار دیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو انتخابی نتائج کا فرانزک آڈٹ کرے جس کے بعد فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کیا جائے۔

12:16 12.2.2024

سیاسی بے یقینی، اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز شدید مندی

پاکستان میں عام انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔ آخری اپڈیٹ تک اسٹاک مارکیٹ میں 1249 پوائنٹس کی بڑی کمی دیکھی جاچکی ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بنیادی وجہ سیاسی ہے اور انتخابی نتائج میں کسی ایک جماعت کی واضح اکثریت ظاہر نہ ہونے کے باعث سرمایہ کار غیر یقینی کا شکار ہیں اور انہیں اس بات کا انتظار ہے کہ اب کس کی حکومت آتی ہے۔

دوسری جانب دن بارہ بجٹ تک انٹربینک میں روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور ایک امریکی ڈالر کی قیمت 22 پیسے اضافے کے بعد 279 روپے 50 پیسے ہوچکی ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم دواعشاریہ چار ارب ڈالر رہی جو گزشتہ ماہ کی نسبت معمولی زیادہ ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی رقوم 15 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہے۔

14:48 12.2.2024

اسلام آباد کی تین نشستوں سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل، این اے47 سے طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کی کامیابی کانوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔

ہواضح رہے کہ این اے 46 سے انجم عقیل نے 81958 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ این اے 47 سے طارق فضل چوہدری 102502 ووٹ اور آزاد امیدوار راجہ خرم نواز 69699 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائے تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG