رسائی کے لنکس

مولانا فضل الرحمٰن کی نواز شریف کو اپوزیشن میں بیٹھنے کی دعوت

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کے ریکارڈ توڑ دیے گئے ہیں۔ پارلیمان اپنی اہمیت کھو چکی ہے، اب فیصلے میدان میں ہوں گے۔

15:07 14.2.2024

بلوچستان میں چار جماعتی اتحاد کا پانچویں روز بھی دھرنا

حالیہ انتخابات کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان میں چار جماعتی اتحاد کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتو نخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل قوم پرست سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کو درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بدھ کو بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انتخابی امیدواروں اور کارکنوں نے قومی شاہراہوں اور عام سڑکوں کو بلاک کیا۔

اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں کچلاک، کولپور کراس، زیارت کراس، سمنگلی، بلیلی اور لک پاس کے مقام پر سڑکیں بلاک ہیں۔

اسی طرح قلعہ سیف اللہ، ژوپ، بوستان، خانوزئی، سرانان، یارو، تربت شہر اور بلیدہ کراس بھی بلاک ہیں۔

قومی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کی بندش سے سینکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

چار جماعتی اتحاد کی جانب سے جمعرات کو بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے جب کہ پارٹی قائدین ہفتے کو کوئٹہ میں مظاہرین سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے لیے شکایات دائر کرنے کے لیے کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں اور جن حلقوں میں دوبارہ گنتی یا کسی اور مطالبے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہیں ان پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت سازی کا عمل الیکشن کے بعد افہام و تفہیم سے حل ہوگیا۔ مینڈیٹ تسلیم کرنا ہی جمہوریت کی کامیابی اور عوام کی فتح ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں سے اپیل ہے عام لوگوں کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز سمیت تمام راستوں سے احتجاج ختم کردیں۔

14:50 14.2.2024

نواز شریف سیاست سے کنارہ کش نہیں ہو رہے: مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ قبول نا کرنے کا مطلب اگر یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں تو اس میں کوئی سچائی نہیں۔

مریم نواز کے مطابق نواز شریف آئندہ پانچ سال نا صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق اور پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی بھی کریں گے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے وقف ہیں انہیں نواز شریف کے اصولی موقف کا پتا ہے۔ شہباز شریف اور وہ ان کے سپاہی ہیں اور ان کی سربراہی و نگرانی میں کام کریں گے-

13:37 14.2.2024

کل بھی تحریک انصاف کا حصہ تھی اور آج بھی ہوں، ملیکہ بخاری

تحریکِ انصاف کے سابق رہنما ملیکہ بخاری نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مشکلات کے باوجودوہ کل بھی تحریک انصاف کا حصہ تھیں اور آج بھی ہیں۔

ملیکہ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کا گھر ، نظریہ، شناخت اور جدوجہد ہے۔ کل بھی عمران خان ان کے لیڈر تھے اور آج بھی وہ ان کے لیڈر ہیں۔

واضح رہے کہ ملیکہ بخاری نے گزشتہ برس ایک پریس کانفرنس کے دوران نو مئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

12:52 14.2.2024

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد پر مشاورت مکمل کر لی: جماعتِ اسلامی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا میں جس سے چاہے اپنے معاملات طے کر لے، جماعت کو اس کے فیصلے پر خوشی ہو گی۔

ترجمان جماعتِ اسلامی قیصر شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ قومی سطح پر پی ٹی آئی سے اشتراکِ عمل قومی مفاد میں ہو گا لیکن تحریک انصاف نے اپنے مؤقف کو تبدیل کیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG