رسائی کے لنکس

براہِ راست کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والے آزاد اُمیدوار پارٹی تبدیل نہیں کر سکتے: اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کے تحت ایک پارٹی کے ساتھ وابستگی ظاہر کرنے والا آزاد اُمیدوار اب پارٹی تبدیل نہیں کر سکتا۔

12:40 19.9.2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلی مرتبہ 100 انڈیکس 82 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔

جمعرات کو ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے انڈیکس 82 ہزار سے اوپر چلا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی، کرنٹ اکاؤنٹ توازن مثبت ہونے اور آئی ایم ایف سے ممکنہ ڈیل کی خبروں سے مارکیٹ میں مثبت تاثر پیدا ہوا ہے۔

12:36 19.9.2024

لاہور ہائی کورٹ: پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر اور تحریکِ انصاف کا لاہور میں جلسہ رکوانے کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی ہے۔

جسٹس فاروق حیدر درخواست گزار مرزا واحد رفیق نامی شہری کی درخواست پر سماعت کریں گے جب کہ درخواست میں صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت سیکیورٹی خدشات کے تحت عدالت سے رجوع کرتی رہی ہے اور وہ اب انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے آٹھ ستمبر کے جلسے میں حکومت اور عدلیہ کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی گئی تھی اور خدشہ ہے کہ لاہور کے جلسے میں بھی پارٹی قیادت کی جانب سے عدلیہ مخالف تقاریر کی جا سکتی ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو انتظامیہ کی منظوری کے بغیر جلسہ کرنے سے روکنے اور پارٹی رہنماؤں کو عدلیہ مخالف تقاریر سے روکنے کا حکم دے۔

12:28 19.9.2024

عمر کوٹ: توہینِ مذہب کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں توہینِ مذہب کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے جب کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی تحویل میں تھا۔

مقامی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر مبینہ توہین مذہب کے مقدمے میں نامزد سینیئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو پولیس گرفتار کرنے گئی تو ملزم نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جب کہ جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا ہے۔

عمر کوٹ میں بدھ کو توہینِ مذہب کے معاملے پر مشتعل مظاہرین نے شہر میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس موبائل کو نذرِآتش کردیا تھا۔ شہر میں حالات دوسرے روز بھی کشیدہ ہیں اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

12:22 19.9.2024

بے نظیر آباد: غیرت کے نام پر دو بہنیں قتل

سندھ کے علاقے بے نظیر آباد میں بھائی نے غیرت کے نام پر دو سگی بہنوں کو بجلی کے کرنٹ لگا کر قتل کر دیا ہے۔

تھانہ بی سیکشن کی حدود مہاجر کالونی میں ملزم کامران علی نے اپنی دو بہنوں رضیہ اور علشباہ کو مبینہ طور پر غیر کے نام پر قتل کیا جن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کےلیے پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کامران کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG