رسائی کے لنکس

اوباما بدترین امریکی صدور میں سرِ فہرست، سروے


سروے کے نتائج کے مطابق 33 فی صد رائے دہندگان نے صدر اوباما کو فہرست میں سب سے نیچے رکھا جب کہ 28 فی صد نے ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین صدر قرار دیا۔

امریکہ میں ہونے والے ایک نئے سروے کے مطابق امریکیوں کے خیال میں صدر براک اوباما دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے اب تک صدر رہنے والی شخصیات میں سب سے بدتر ہیں۔

امریکہ کی 'کوئنی پیاک یونی ورسٹی' کی جانب سے کیے جانے والے رائے عامہ کے ایک جائزے میں 1400 امریکی رجسٹرڈ رائے دہندگان سے 1945ء سے اب تک امریکہ کی صدر رہنے والی 12 شخصیات کی درجہ بندی کرنے کو کہا گیا تھا۔

بدھ کو جاری کیے جانے والے سروے کے نتائج کے مطابق 33 فی صد رائے دہندگان نے صدر اوباما کو فہرست میں سب سے نیچے رکھا جب کہ 28 فی صد نے ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین صدر قرار دیا۔

سنہ 1980 کی دہائی میں صدر رہنے والے رونالڈ ریگن 35 فی صد افراد کے نزدیک دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے اب تک امریکہ کے بہترین صدر رہے ہیں۔

سروے میں رائے دینے 18 فی صد افراد نے بل کلنٹن کو بہترین صدر قرار دیا جو 1990ء کی دہائی کے مقبول صدر تھے۔

'کوئنی پیاک یونی ورسٹی' کے 'پولنگ یونٹ' کے نائب سربراہ ٹیم میلوئے کے مطابق دوسری جنگِ عظیم کو 69 برس گزر چکے ہیں اور جب سے اب تک 12 شخصیات امریکہ کے صدر کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں جن میں سے امریکی باشندے موجودہ صدر اوباما اور ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین قرار دیتے ہیں۔

حالیہ عرصے کے دوران سامنے آنے والے عوامی رائے عامہ کے کئی دیگر جائزوں میں بھی صدر اوباما کی امریکی عوام میں عدم مقبولیت کا اظہار ہوتا ہے۔

صدر براک اوباما 2012ء کے صدارتی انتخاب میں اپنے ری پبلکن حریف مٹِ رومنی کو بآسانی شکست دے کر دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔

لیکن انتخاب کے بعد سے صدر کو داخلی و خارجی محاذ پر کئی مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث اندرونِ ملک ان کے مخالفین انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

'کوئنی پیاک یونی ورسٹی' کے سروے کے مطابق 45 فی صد امریکی رائے دہندگان کاخیال ہے کہ اگر 2012ء میں براک اوباما کی جگہ مٹِ رومنی صدر منتخب ہوجاتے تو آج امریکہ کی صورتِ حال بہتر ہوتی۔

سروے میں رائے دہندگان نے صدر اوباما کی معاشی اور خارجہ پالیسی، صحتِ عامہ پر موقف اور انسدادِ دہشت گردی پر ان کی حکومت کی کارکردگی کو منفی درجہ دیا ہے اور صرف ماحولیاتی مسائل کے بارے میں ان کے موقف کو پذیرائی بخشی ہے۔

XS
SM
MD
LG