رسائی کے لنکس

رائے عامہ کے جائزوں میں کلنٹن اور ٹرمپ میں سخت مقابلہ متوقع


ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا کے علاقے ہرشی میں اپنی ایک ریلی سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں اپنے ساتھ مشہور شخصیات کو لانے کی ضرورت نہیں۔

امریکہ کے صدارتی انتخاب میں صرف چند دن باقی ہیں اور رائے عامہ کے جائزے ڈیموکریٹ ہلری کلنٹن اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کر رہے ہیں۔

کلنٹن کو گو کہ قومی سطح پر اپنے حریف ٹرمپ پر معمولی برتری حاصل ہے لیکن یہ برتری گزشتہ ماہ کی نسبت کم ہوئی ہے۔

گیلپ کے تازہ سروے میں پچاس فیصد امریکی سمجھتے ہیں کہ کلنٹن "کسی بحران میں زیادہ بہتر انداز میں فیصلہ کر سکتی ہیں"، جب کہ ٹرمپ کی قوت فیصلہ کے حق میں 36 فیصد نے رائے دی۔

لیکن اسی سروے میں 34 فیصد لوگ کلنٹن کو ایماندار اور قابل بھروسہ سمجھتے ہیں جب کہ 33 فیصد ٹرمپ کو ایسا تصور کرتے ہیں۔

دونوں امیدواروں کی طرف سے اپنی اپنی انتخابی مہم بھی زورں پر ہے جس میں حسب معمول ایک دوسرے پر تنقید اور حریف کو ناہل ثابت کرنے کے دلائل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

جمعہ کو دیر گئے ہلری کلنٹن نے امریکی انتخاب میں اہم ترین ریاستوں میں سے ایک اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں اپنے حامیوں کے لیے ایک مفت کنسرٹ کا اہتمام کیا۔

وہ نامور گلوکارہ بیونسی اور جے زی کے ہمراہ اسٹیج پر آئیں اور اس جوڑے کو سراہتے ہوئے اپنے حامیوں سے کہا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے ضرور اپنے گھروں سے نکلیں۔

"برائے مہربانی یہ توانائی لے کر نکلیں اور اوہائیو میں فتح یاب ہونے میں ہماری مدد کریں۔"

بیونسی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی بیٹی "ایک خاتون کو اس ملک کی قیادت کرتے ہوئے دیکھتے ہوئے بڑی ہو اور اپنے لیے مواقع کو جانے۔"

جے زی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی "گفتگو مبہم" ہے اور یہی وجہ ہے "وہ ہمارے صدر نہیں ہو سکتے۔"

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جمعہ کو دیر گئے پنسلوینیا کے علاقے ہرشی میں اپنی ایک ریلی سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں اپنے ساتھ مشہور شخصیات کو لانے کی ضرورت نہیں۔

"مجھے جے زی یا جے لو کو یہاں لانے کی ضرورت نہیں تھی۔ میں بذات خود یہاں موجود ہوں، نہ گٹار، نہ پیانو کچھ بھی نہیں۔"

اپنے حامیوں سے خطاب میں ایک بار پھر ٹرمپ نے ہلری کلنٹن کی ای میلز کی تحقیقات کے معاملے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ صدر بن جاتی ہیں تو اس سے ملک "ائینی بحران" کا شکار ہو سکتا ہے۔

ہفتہ کو کلنٹن فلاڈیلفیا میں ایک اور کنسرٹ کا اہتمام کرنے جا رہی ہیں جس میں مشہور گلوکارہ کیٹی پیری فن کا مظاہرہ کریں گے جب کہ پیر کو وہ صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما اور اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن کے ہمراہ یہاں ایک ریلی میں شرکت کریں گی۔

XS
SM
MD
LG