رسائی کے لنکس

پومپیو کی قطر میں افغان اور طالبان وفود سے ملاقاتیں، امن عمل پر بات چیت


امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے قطر میں امن مذاکرات کرنے والے افغان حکومت کے وفد اور طالبان کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ پومپیو کا کہنا ہے کہ امریکہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے ہر ممکن مدد کرے گا۔

ہفتے کو دوحہ میں پومپیو کی یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان مذاکراتی وفد سے ملاقات کے دوران پومپیو نے کہا کہ وہ افغان وفد سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ہم امن عمل کے کامیابی کے امکانات بڑھانے کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔

پومپیو نے دوحہ میں طالبان وفد سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ افغانستان سے اپنی فوج کے انخلا میں تیزی لایا ہے۔

امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کیل براؤن کے مطابق پومپیو اور افغان طالبان کے وفد کے درمیان تشدد کے خاتمے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ نے مذاکرات مین تیزی لانے کی حوصلہ افزائی کی جس سے افغانستان میں ایک سیاسی راہ پر چلتے ہوئے ملک میں مستقل جنگ بندی کا حصول ممکن ہو سکے۔

یاد رہے کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا آغاز اس سال ستمبر میں ہوا۔ اس سے قبل امریکہ اور افغان طالبان نے فروری میں ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت طالبان نے امریکہ کو یقین دہائی کرائی تھی کہ وہ امریکی اور نیٹو افواج کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔ امریکہ نے معاہدے کے تحت مئی 2021 تک اپنی فوج کے مکمل انخلا کی یقین دہانی کرائی تھی۔

'امن مذاکرات میں تعطل کی وجہ طالبان کا سخت مؤقف'
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:48 0:00

اس ملاقات سے قبل ہفتے کو پومپیو نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی اور اسرائیل سے تعلقات، ایران کے خطے میں اثرو رسوخ کا مقابلہ کرنے اور یمن میں امن کے حصول کے اُمور پر بات چیت کی۔

وزیر خارجہ پومپیو نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پومپیو نے قطر کی جانب سے دہشت گردی کی مالی اعانت کو روکنے اور افغان امن مذاکرات کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ اور قطر کے رہنما نے ایران کی طرف سے خطے میں امن کو درپیش خطرات کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنے پر بھی بات چیت کی۔

پومپیو آج کل مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کے دس روزہ دورے پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG