رسائی کے لنکس

سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز


کراچی
کراچی

انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں، بلاول ریلی کی شکل میں کراچی سے صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ ایک ہفتے کی مہم میں، وہ اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں جانے کا پروگرام رکھتے ہیں جن میں بدین، سجاول، ٹھٹھ، حیدرآباد، مٹیاری، نواب شاہ، لاڑکانہ، سکھر اور کشمور شامل ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مہم کے آغاز پر کراچی کے علاقے لیاری پہنچے جہان سے وہ عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن سے قبل انتخابی مہم کے آغاز پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کلفٹن میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مہم کے پہلے روز، بلاول بھٹو زرداری نے حلقے میں پیپلز پارٹی کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کیا اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔

بلاول بھٹو زرداری لیاری کے دورے میں بزرگ سید محمد دولہا شاھ سبزواری کے مزار پر بھی حاضر ہوئے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس مزار پر ان کی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی کئی بار حاضری کا شرف حاصل کیا تھا۔

انتخابی مہم کے دوران، بلاول بھٹو نے گذشتہ ہفتے گڈانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کے گھر پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

انتخابی مہم کے دوسرے مرحلے میں، وہ ریلی کی شکل میں کراچی سے صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو ایک ہفتے کی مہم میں اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں جانے کا پروگرام رکھتے ہیں جن میں بدین، سجاول، ٹھٹھ، حیدرآباد، مٹیاری، نواب شاہ، لاڑکانہ، سکھر اور کشمور شامل ہیں۔

بلاول بھٹو کراچی کے حلقے این اے 246 لیاری سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ این اے 246 کراچی میں انتخابی سیاست میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔ لیاری کے حلقے کو پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی گذشتہ 10 سال کی کارکردگی پر دیگر حلقوں کی طرح لیاری کے عوام بھی ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ لیاری سے پیپلز پارٹی کی یقینی کامیابی میں عوامی ناراضگی کی یہ لہر بلاول کی کامیابی میں رکاوٹ ثابت ہوسکتی ہے۔ تاہم، پیپلز پارٹی قیادت ان ناراضگیوں کو دور کرنے کے لئے درپردہ کئی کوششوں میں مصروف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اس کے علاوہ لاڑکانہ اور مالاکنڈ سے بھی عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG