رسائی کے لنکس

سندھ: پیپلزپارٹی کا حکومت سازی پر غور شروع


منظور وسان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خواب دیکھا ہے کہ اس بار سندھ کا وزیر اعلیٰ بوڑھا نہیں جوان ہوگا۔

پاکستان کی سابق حکمراں جماعت پیپلز پارٹی نے صوبہ ِسند ھ میں 60 سے زائد نشستیں جیتنے کے بعد حکومت سازی پر غور شروع کردیا ہے جبکہ پارٹی کے دیرینہ عہدیدار منظور وسان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خواب دیکھا ہے کہ اس بار سندھ کا وزیر اعلیٰ بوڑھا نہیں جوان ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے ایک اور رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ انہی کی جماعت سے ہوگا کیوں کہ ان کی جماعت صوبے میں اکثریت میں ہے۔

اگرچہ پیپلز پارٹی کو بھی دوسری جماعتوں کی طرح یہی شکایت ہے کہ انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی ہوئی ہے لیکن وہ سندھ کے بجائے پنجاب میں دھاندلی کا الزام عائد کررہی ہے۔

پارٹی رہنما شرجیل میمن نے جمعرات کو کراچی میں اپنی رہائش گا ہ پر پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ انتخابات میں عوام ہمارے ساتھ تھی، تاریخ ایک نہ ایک دن ان نتائج کا پول کھول دے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی اکثریت ہے اور وہی حکومت بنائے گی۔ سندھ میں وزیراعلیٰ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے ہی ایک اور رہنما منظور وسان نے اپنے ایک سیاسی خواب کے بارے میں کہا ہے کہ خواب میں بی بی آئیں اور انہوں نے مجھے بتایا کہ اب سندھ میں ’بوڑھا‘ نہیں ’جوان‘ وزیراعلیٰ ہوگا۔

منظور وسان کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ منظور وسان نے بتایا کہ بی بی یعنی بے نظیر بھٹو نے خواب میں انہیں بتایا ہے کہ اب سندھ میں گڈ گورننس ہوگی اور صوبے کا وزیراعلیٰ بوڑھا نہیں جوان ہوگا۔

پارٹی کے تین اور رہنما تاج حیدر، پروفیسر این ڈی خان اور شازیہ مری نے انتخابات کے نتائج غیر شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ’فیئر‘ کی بجائے ’فری‘ ہوئے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کا کردار الیکشن میں مثبت رہا مگر اداروں کی طرف سے غفلت برتی گئی۔
XS
SM
MD
LG