رسائی کے لنکس

مسلم لیگ فنکشنل کا ’یوم سیاہ‘ منانے کا اعلان


امتیاز شیخ
امتیاز شیخ

پارٹی نے احتجاج میں دوسروں سے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 16 مئی کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے

گیارہ مئی کے انتخابات میں مبینہ ’دھاندلیوں‘ کے خلاف احتجاج میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ اس احتجاج کی ابتدا پاکستان تحریک انصاف نے کی تھی، لیکن اب اِس احتجاج میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور مسلم لیگ فنکشنل بھی شامل ہوگئی ہیں۔

مسلم لیگ فنکشنل نے احتجاج میں دوسروں سے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 16 مئی کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

’فنکشنل لیگ ہاوٴس‘ کراچی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قوم پرست رہنما، امتیاز شیخ نے کہا کہ، ’حالیہ الیکشن ملکی تاریخ کے سب سے متنازع انتخابات تھے۔ اِس کے خلاف، فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگارا کی ہدایت پر 16 مئی کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا‘۔

امتیاز شیخ کے بقول،’سندھ کے کئی حلقوں میں دھاندلیوں کے ثبوت اور شواہد موجود ہیں۔ ہم نے چیف الیکشن کمشنر کو ریٹرننگ افسران کے خلاف شکایات بھیجی تھیں۔ لیکن، اُن پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اب مجبوراً ہمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے یوم سیاہ منانا پڑ رہا ہے‘۔

مسلم لیگ فنکشنل کے علاوہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی حالیہ انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف احتجاج زور پکڑ رہا ہے۔ نواب شاہ میں احتجاج کا منگل کو چوتھا روز تھا۔ یہاں احتجاج میں چار افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں، جبکہ شہر میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔

اطلاعات کے مطابق، نواب شاہ کے علاوہ سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں اب بھی احتجاج جاری ہے جس سے معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG